روہت شرما کے بعد ان کا حقیقی جانشیں کون؟ وریندر سہواگ نے اپنی پسند رکھی سامنے

سہواگ نے شبھمن گل کو روہت شرما کا بہترین جانشیں بتایا ہے اور کہا ہے کہ زمبابے دورہ کے لیے انھیں کپتان بنایا گیا ہے جو بہترین قدم ہے، آنے والے وقت میں روہت کی جگہ ان کو ہی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کو چمپئن بنانے والے کپتان روہت شرما نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ٹی-20 انٹرنیشنل سے اپنے ریٹائرمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے روہت کے چاہنے والے کافی مایوس ہیں، لیکن کئی سابق کرکٹرس نے روہت کے قدم کی تعریف بھی کی ہے۔ اب تو لوگوں کے ذہن میں یہ سوال گشت کرنے لگا ہے کہ روہت کا حقیقی جانشیں کون ہوگا۔ اس سلسلے میں ہندوستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر وریندر سہواگ نے اپنی بات سامنے رکھی ہے۔

کرکٹ ایکسپرٹ کے طور پر اپنی بات کھل کر کہنے والے وریندر سہواگ نے زمبابوے کے خلاف آئندہ ٹی-20 سیریز کے لیے نوجوان شبھمن گل کو کپتان مقرر کرنے سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں شبھمن ہی روہت شرما کی جگہ ٹیم کے کپتان ہونے چاہئیں۔ یہ بیان دے کر سہواگ نے ایک طرح سے ہاردک پانڈیا کو اگلے کپتان کی شکل میں مسترد کر دیا ہے۔


سہواگ نے ’کرک بز‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’شبھمن گل طویل وقت تک ٹیم میں بنے رہیں گے۔ وہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ گزشتہ سال ان کی کارکردگی شاندار رہی۔ وہ بدقسمت رہے کہ 2024 ٹی-20 عالمی کپ کھیلنے سے محروم رہ گئے۔ میرے خیال سے انھیں کپتان بنانا صحیح فیصلہ ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’کل جب روہت شرما ٹیم کو چھوڑیں گے تو شبھمن گل کپتانی کے لیے ان کے صحیح متبادل ہوں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم جب سے ٹی-20 عالمی کپ چمپئن بنی ہے، تب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پوری ٹیم کو، خصوصاً روہت شرما کو دنیا بھر سے مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ آج لوک سبھا میں اجلاس کے دوران ایوان کے اسپیکر اوم برلا نے بھی روہت بریگیڈ کو عالمی چمپئن بننے پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس تاریخی جیت سے پورے ملک میں جوش اور امنگ کا پھیلاؤ ہوا ہے۔ اس کامیابی سے ہمارے سبھی نوجوانوں اور سبھی کھلاڑیوں کو یقیناً ترغیب ملے گی۔ میں اپنی طرف سے اور پورے ایوان کی طرف سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور اس کے کپتان روہت شرما کو مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ ایوان کرکٹ ٹیم کو مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔