چیمپئن بنتے ہی پلیئر آف دی میچ ویراٹ کوہلی نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان، کہا’ یہ میرا آخری ٹی ٹوئنٹی ہے‘
ویراٹ کوہلی نےٹی ٹوینٹی عالمی کپ 2024 میں چیمپئن بنتے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا آخری عالمی کپ ہے۔
ہندوستان نے ٹی ٹوینٹی عالمی کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس میچ میں ویراٹ کوہلی نے 76 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم میچ کے بعد منعقدہ پریزینٹیشن میں کوہلی نے اعلان کیا کہ یہ ان کا آخری عالمی کپ ہے۔ کوہلی نے بتایا کہ وہ اپنے کیریئر میں عالمی کپ کی ٹرافی اٹھانا چاہتے تھے اور یہ آخری بار تھا جب انہوں نے ہندوستان کے لیے کوئی ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا۔ انہوں نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
میچ کے بعد انٹرویو میں ویراٹ کوہلی نے کہا کہ یہ ان کا آخری عالمی کپ تھا، یہ وہ سب ہے جسے ہم حاصل کرنا چاہتے تھے، ایک دن آپ کو لگتا ہے کہ آپ رنز نہیں بنا رہے اور پھر ایسا ہوتا ہے، خدا جو بھی کرتا ہے، اچھا کرتا ہے۔ یہ میرے لیے 'اب یا کبھی نہیں' کی صورت حال تھی، یہاں تک کہ اگر ہم ہار گئے تو میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والا تھا۔‘
ویراٹ کوہلی نے اپنی پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں کہا، "روہت شرما 9 ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کھیل چکے ہیں اور یہ میرا چھٹا عالمی کپ تھا۔ روہت اسکواڈ میں وہ شخص ہیں جو اس جیت کے سب سے زیادہ حقدار ہیں۔اتنی بڑی جیت کے بعد جذبات کا اظہار کرنا بہت مشکل ہے ۔ گزشتہ چند میچوں میں کریز پر جا کر میں اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا جبکہ گزشتہ کئی میچوں سے میرا اعتماد برحا ہوا تھا۔
ویراٹ کوہلی ٹی ٹوینٹی عالمی کپ 2024 کے فائنل سے قبل 7 اننگز میں صرف 75 رنز بنا پائے تھے۔ لیکن انہیں اس طرح بڑے میچ کا کھلاڑی نہیں کہا جاتا۔ کوہلی نے عالمی کپ کے آخری میچ میں اور اپنے کیرئیر کے آخری میچ میں بھی 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔