ہندوستانی ٹیم ’چمپئنز ٹرافی‘ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی، بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو سنایا حتمی فیصلہ!
بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو مطلع کر دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم 2025 میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے پاکستان نہیں جائے گی، اس نے بتایا کہ حکومت ہند نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔
چمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری 2025 سے ہونے والا ہے، لیکن ابھی تک اس کا شیڈول سامنے نہیں آیا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ آئندہ ہفتہ کے شروع میں شیڈول سامنے آ جائے گا، لیکن اب اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کی ایک رپورٹ میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔
دراصل آئی سی سی کو بی سی سی آئی کے فیصلے کا انتظار تھا کہ وہ ہندوستانی ٹیم پاکستان بھیجنے کو راضی ہے یا نہیں۔ اب جو رپورٹ سامنے آ رہی ہے اس میں بتایا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو مطلع کر دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ’چمپئنز ٹرافی‘ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔ بی سی سی آئی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسے حکومت ہند نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔ یعنی ایک طرح سے بی سی سی آئی نے اپنا حتمی فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے سامنے سنا دیا ہے۔ اس طرح ممکن یہی ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا جائے۔ یعنی ہندوستان کے سبھی میچ پاکستان سے باہر رکھا جا سکتا ہے، اس کا اندیشہ پہلے بھی کچھ رپورٹس میں ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔
چونکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات کشیدہ ہیں، اس لیے ہندوستانی ٹیم نے 2008 ایشیا کپ کے بعد سے ہی پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ پاکستان امید کر رہا تھا کہ چمپئنز ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم پہنچے گی کیونکہ پاکستان نے حال ہی میں 2023 عالمی کپ سمیت کئی آئی سی سی ایونٹس میں ہندوستان کا دورہ کیا ہے۔ لیکن اب اس کی امیدوں پر پانی پھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ چمپئنز ٹرافی 19 فروری 2025 سے 9 مارچ 2025 کے درمیان کھیلا جانا مقرر کیا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں۔ چمپئنز ٹرافی 7 سال بعد کھیلی جا رہی ہے، اس لیے کرکٹ شائقین میں ایک جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو شروع ہونے میں ابھی تقریباً 100 دن باقی ہیں، لیکن شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے اس لیے تذبذب والی حالت بھی برقرار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔