ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا اعلان، گوتم گمبھیر لیں گے راہل دراوڑ کی جگہ

گوتم گمبھیر نے 58 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 41.96 کی اوسط کے ساتھ 4154 رن بنائے ہیں، انھوں نے 147 یک روزہ مقابلوں میں 39.68 کی اوسط سے 5238 رن بنائے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

تصویر@BCCI

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز گوتم گمبھیر کو ہندوستانی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ہفتوں پہلے سے امید کی جا رہی تھی کہ راہل دراوڑ کی جگہ گوتم گمبھیر ہی لیں گے، بس اعلان کا انتظار باقی تھا۔ اور آج بی سی سی آئی نے باضابطہ گوتم گمبھیر کے ہندوستانی مینس کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے پر مہر لگا دی۔

بی سی سی آئی کے ذریعہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کے بعد گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لہراتے ہندوستانی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان میری شناخت ہے اور اپنے ملک کی خدمت کرنا میرے لیے زندگی کا سب سے بڑا خوشگوار لمحہ رہا ہے۔ میں واپس آ کر معزز محسوس کر رہا ہوں، اس بار میری ٹوپی الگ ہے، لیکن میرا ہدف ہمیشہ سے وہی ہے، ہر ہندوستانی کو فخر کا موقع میسر کرنا۔‘‘ وہ اس پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’مین اِن بلو کے کندھوں پر 1.4 ارب ہندوستانیوں کے خواب ہیں، اور میں ان خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے اپنی طاقت سے سب کچھ کروں گا۔‘‘


اس درمیان گوتم گمبھیر کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ بناتے ہوئے بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’میں بے حد مسرت کے ساتھ گوتم گمبھیر کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی شکل میں استقبال کرتا ہوں۔ جدید کرکٹ بہت تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور گمبھیر نے اس تبدیلی کو انتہائی قریب سے دیکھا ہے۔ گمبھیر نے اپنے کیریر میں مختلف کرداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے گوتم گمبھیر ایک مثالی شخص ہیں۔‘‘ بی سی سی آئی سکریٹری کا گوتم گمبھیر کے تعلق سے کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے لیے ان کا واضح نظریہ، ان کا پرانا تجربہ انھیں کوچنگ کے کردار کے لیے بالکل درست ٹھہراتا ہے۔ بی سی سی آئی کا ان کو پوری طرح سے تعاون رہے گا۔

واضح رہے کہ گوتم گمبھیر کی رہنمائی میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) نے آئی پی ایل 2024 ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ یہ کے کے آر کی آئی پی ایل میں تیسری ٹرافی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کے کے آر کی ٹیم نے تینوں ٹرافی گوتم گمبھیر کی رہنمائی میں ہی جیتی ہے۔ پہلے گمبھیر نے بطور کپتان آئی پی ایل میں کولکاتا کو دو بار خطابی جیت دلائی تھی۔ آئی پی ایل 2024 میں کے کے آر کی ٹیم کا مینٹور (سرپرست) بننے سے پہلے گمبھیر لکھنؤ سپر جائنٹس ٹیم کے مینٹور تھے۔


جہاں تک گوتم گمبھیر کی کرکٹ لائف کا سوال ہے، 42 سالہ گوتم نے 58 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 41.96 کی اوسط سے 4154 رن بنائے۔ انھوں نے 147 یک روزہ مقابلوں میں 39.68 کی اوسط سے 5238 رن بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ گمبھیر کو 37 ٹی-20 بین الاقوامی میچوں میں کھیلنے کا بھی تجربہ حاصل ہے۔ اس میں انھوں نے 27.41 کی اوسط کے ساتھ 932 رن بنائے ہیں۔ گوتم گمبھیر نے اپنے کیریئر میں 154 آئی پی ایل میچ بھی کھیلے ہیں۔ اس میں انھوں نے 31.04 کی اوسط سے 4218 رن بنائے ہیں۔ گوتم گمبھیر کی کوچنگ میں ہندوستان 2025 میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں بھی حصہ لینے والی ہے۔ ظاہر ہے آئندہ ایک سال ہندوستانی ٹیم اور گوتم گمبھیر دونوں کے لیے بہت اہم ثابت ہونے والے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔