ٹی-20 عالمی کپ: کیا نہیں ہو پائے گا ہندوستان اور انگلینڈ کا میچ؟ گیانا میں بارش شروع، لیکن روہت بریگیڈ بے فکر!

ویسٹ انڈیز کے گیانا میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل آج 10.30 بجے صبح کھیلا جائے گا اور اس وقت ہندوستان میں رات کے 8 بج رہے ہوں گے، مشکل یہ ہے کہ گیانا میں اس وقت بارش ہو رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گیانا واقع کرکٹ میدان میں ہو رہی بارش، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

گیانا واقع کرکٹ میدان میں ہو رہی بارش، تصویر سوشل میڈیا

user

تنویر

ٹی-20 عالمی کپ 2024 کا دوسرا سیمی فائنل آج ہندوستانی وقت کے مطابق 8 بجے شب ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ویسٹ انڈیز میں گیانا واقع پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور مقامی وقت کے مطابق یہ میچ 10.30 بجے صبح شروع ہوگا۔ یعنی گیانا اور ہندوستان کے وقت میں 9.30 گھنٹے کا فاصلہ ہے۔ ہندوستانی شیدائی اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، لیکن بری خبر یہ ہے کہ اس وقت گیانا میں تیز بارش ہو رہی ہے۔ کچھ کرکٹ شیدائیوں نے گیانا کی ویڈیو اور تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جس سے پتہ چل رہا ہے کہ گیانا میں صبح تقریباً 7 بجے زور دار بارش ہوئی اور 8 بجے صبح (ہندوستانی وقت کے مطابق 5.30 بجے شام) بھی یہ جاری تھی۔

ہندوستان کے سابق کرکٹر اور گیانا میں موجود دنیش کارتک نے ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ڈالا ہے جو ہندوستانی وقت کے مطابق 5.30 بجے شام میں پوسٹ کیا گیا ہے۔ اس میں انھوں نے گیانا کے میدان میں بارش ہوتے ہوئے دکھایا ہے اور کہا ہے کہ بوچھار دکھائی دے رہی ہے جو بری خبر ہے۔ حالانکہ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ اچھی خبر یہ ہے کہ سورج نکل رہا ہے۔ کرکٹ شیدائی مفضل ووہرا نے بھی ایک ویڈیو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں ’’گیانا میں بارش شروع۔ امید ہے ہمیں مکمل کھیل دیکھنے کو ملے گا۔‘‘ ای ایس پی این کرک انفو کے لائیو اَپڈیٹ کے مطابق گیانا کے کرکٹ گراؤنڈ میں صبح 9.30 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے) بھی بارش ہو رہی ہے اور اسٹار اسپورٹس کے نمائندہ ناصر حسین چھاتہ کے ساتھ کوریج پیش کر رہے ہیں۔


جمعرات کو گیانا میں بارش ہونے کا اندیشہ کئی دنوں پہلے سے ہی ظاہر کیا جا رہا تھا، اور اب ایسا لگتا ہے کہ میچ میں بارش کا خلل ضرور پڑے گا۔ حالانکہ کچھ تازہ ترین سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ سورج اپنی تمازت کو ظاہر کر رہا ہے اور امید ہے جلد ہی بارش کا سلسلہ بھی رک جائے۔ حالانکہ روہت بریگیڈ بارش کو لے کر بے فکر دکھائی دے رہی ہے، کیونکہ اگر آج سیمی فائنل میچ نہیں ہوتا تو بغیر کھیلے ہندوستانی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔

دراصل دوسرا سیمی فائنل گروپ اے کی نمبر 1 ٹیم (ہندوستان) اور گروپ بی کی نمبر 2 ٹیم (انگلینڈ) کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ جو اصول آئی سی سی نے طے کیے ہیں، اس کے مطابق اگر سیمی فائنل میچ نہیں ہوتا تو اپنے گروپ میں نمبر 1 رہنے والی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔ یعنی بارش ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ میچ کب شروع ہوتا ہے اور یہ مکمل ہو بھی پاتا ہے یا نہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ پہلے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے تھا، لیکن دوسرے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے نہیں ہے۔ اس تعلق سے کئی کرکٹ ماہرین نے سوال کھڑے کیے ہیں۔ حالانکہ آئی سی سی کے ایک ترجمان نے واضح کیا ہے کہ دوسرے سیمی فائنل اور فائنل میں صرف ایک دن کا فاصلہ ہے، ایسے میں دوسرے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھنا موزوں نہیں تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسرے سیمی فائنل میچ کو جیتنے والی ٹیم کو فائنل سے پہلے آرام کرنے کے لیے موافق وقت ملے، اس لیے دوسرے سیمی فائنل میچ کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔