ٹی-20 ورلڈ کپ: فائنل سے قبل شعیب اختر کی پیشن گوئی، ’اب اس ٹیم کو کوئی نہیں روک سکتا!‘
شعیب اختر کا کہنا تھا، ’’ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کو بھرپور انداز میں شکست دی۔ ٹیم کے تمام کھلاڑی شاندار کھیلے، روہت ہو یا سوریہ، سب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘‘
اسلام آباد: ٹی-20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دی۔ ٹیم انڈیا کی جیت میں روہت شرما کی کپتانی اور بیٹنگ کا کردار کافی اہم رہا۔ ہندوستان نے میچ میں 171 رنز بنائے تھے جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ہندوستانی اسپن بولرز کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو گئی اور 103 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان اب 29 جون کو جنوبی افریقہ کے ساتھ فائنل میچ کھیلے گا۔
اس جیت کے بعد شعیب اختر نے ہندوستان کی ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کا فاتح قرار دے دیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر اختر نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اب کوئی نہیں روک سکتا! سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ’’ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کو بھرپور انداز میں شکست دی۔ ٹیم کے تمام کھلاڑی شاندار کھیلے، روہت ہو یا سوریہ، سب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘
اختر نے براہ راست کہا کہ اب ہندوستان کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہندوستانی ٹیم کو اب خطاب اپنے نام کرنا چاہئے، وہ اس کے حقدار ہیں۔ میری مکمل حمایت ان کے ساتھ ہے۔‘‘
اختر نے روہت شرما کی بھی تعریف کی اور کہا، ’’روہت نے کیا کمال کی کپتانی کی ہے۔ اب روہت کو ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنا چاہیے، پچھلی بار وہ اس سے چوک گئے تھے لیکن اس بار ہندوستانی ٹیم کو ٹائٹل جیتنا چاہیے۔ میں روہت کا بڑا مداح ہوں۔ انہوں نے اپنی بلے بازی اور کپتانی سے دل جیت لیا ہے۔‘‘
سابق پاکستانی باؤلر نے جنوبی افریقی ٹیم کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا، ’’میں جنوبی افریقی ٹیم سے کہوں گا کہ اگر وہ ہندوستان کے خلاف جیت جائیں تو پہلے بلے بازی کا انتخاب کریں۔ اس کے بعد آپ کسی حد تک ہندوستان کے خلاف میچ میں ٹھہر سکتے ہیں، ورنہ نتیجہ کیا نکلنے والا ہے سب جانتے ہیں۔‘‘
ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کا فائنل میچ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 29 جون کو کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی بار ٹی-20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے، جب کہ ہندوستان تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جا رہی ہے۔ اب شائقین کو فائنل میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔