ٹی-20 ورلڈ کپ: ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا کر 10 سال بعد فائنل میں پہنچی

ہندوستان نے انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 عالمی کپ 2024 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب ٹائٹل کے مقابلے میں ہندوستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے دی ۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچ گئی ہے اور اب اس کا ٹائٹل کے لئے جنوبی افریقہ سے مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان نے 2022 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا حساب بھی چکتا کر لیا ہے۔ دو سال قبل انگلینڈ نے ٹیم انڈیا کو سیمی فائنل میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے بلے باز کوئی بڑی شراکت نہ کر سکے۔ انگلینڈ کی آدھی ٹیم 50 رن کے اندر ہی آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد ٹیم انڈیا کی جیت محض رسمی طور پر رہ گئی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 103 کے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل نے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں، ان دونوں گیند بازوں نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔


انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو مہنگا ثابت ہوا۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی اور ٹیم نے اسکور بورڈ پر 171 رنز بنائے۔ حالانکہ بارش نے ٹیم انڈیا کی اننگز میں کئی بار مداخلت کی لیکن روہت شرما کے 57 رن اور سوریہ کمار یادو کے 47 رن کی بدولت ہندوستان اسکور کو 171 رن تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ آخری اوورز میں ہاردک پانڈیا نے 23 رنز کی اور رویندر جڈیجہ نے 17 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔

172 کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا ہونے کے با وجود  انتہائی خراب ہو گیا ۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ کپتان جوس بٹلر سے شروع ہوا جو آخر تک نہیں رکا۔ انگلینڈ  کی آدھی ٹیم 50 رنز کے اندر ہی پویلین لوٹ گئی۔ کپتان جوس بٹلر نے 23 اور ہیری بروک نے 25 رنز بنائے۔ 15 اوورز تک انگلینڈ 86 رنز پر 8 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ چونکہ ابھی صرف 2 وکٹیں باقی تھیں، اس لیے 5 اوورز میں 86 رنز بنانا تقریباً ایک ناممکن کام لگ رہا تھا۔


انگلینڈ کا آغاز اچھا تھا کیونکہ ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 3 اوورز میں 26 رنز بنائے تھے۔ لیکن اگلے 23 رنز کے اندر ہی انگلش ٹیم کے 5 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ ایک وقت ٹیم کا سکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 49 رنز تھا۔ درحقیقت پہلے 26 رنز انگلینڈ کے کسی بھی دو کھلاڑیوں کے درمیان سب سے بڑی شراکت داری تھی۔ انگلینڈ کی شکست کی سب سے بڑی وجہ کسی بھی بڑی شراکت کا نہ ہونا تھا۔ ٹیم کے 7 بلے باز دوہرا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔