ٹی-20 ورلڈ کپ کی شاندار جیت کے بعد اپنی بیوی سے لپٹ کر خوب روئے سوریہ کمار
ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس میچ میں سوریہ کمار یادو کا ایک کیچ ہندوستان کو ٹرافی تک لے گیا۔
ٹیم انڈیا کے بلے باز سوریہ کمار یادو نے بھی ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ وہ فائنل میں بلے سے کوئی جادو نہیں دکھا سکے لیکن باؤنڈری پر ان کے ذریعے ڈیوڈ ملر کے کیچ نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن ضرور بنا دیا۔
سوریہ کمار یادو نے اس میچ وننگ کیچ کو لے کر کئی باتیں کہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کی جیت کے بعد میں نے اپنی اہلیہ کو گلے لگایا اور بہت رویا۔ میچ کے بارے میں سوریہ کمار یادو نے کہا کہ کیچ کے وقت تین چار سیکنڈ میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ اب مجھے احساس ہو رہا ہے کہ یہ کتنا ضروری تھا۔ اسی لیے میں نے وہی کیا جو ضروری تھا۔ جو بھی ہوا اچھے کے لیے ہوا اور اسی لیے ہم نے اتنی مشق کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت اور لمحات کے لیے ہم نے کافی وقت گزارا اور فیلڈنگ کوچ کے ساتھ پریکٹس کی۔
سوریہ کمار یادو نے کہا کہ جب ہم 2023 عالمی کپ میں کھیلے تو ہماری فیملی نیچے آئی تھی۔ جب ہم بس میں بیٹھ کر گراؤنڈ پر جا رہے تھے تو محسوس ہوا کہ ہمیں جا کر بس ٹرافی اٹھانی ہے، پورا ماحول بنا ہوا تھا لیکن ہم ہار گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہم نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی زیادہ بات نہیں کی۔ ماحول کو مکمل طور پر پر سکون رکھا۔ اس بار ہمارا ہدف تھا کہ جہاں ہمارے پاؤں ہو ں گے، ہم اپنا دماغ بھی وہیں رکھیں گے۔ سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ہم نے ایک قدم آگے نہیں سوچا تھا کہ ہم سیمی فائنل میں اس طرح کھیلیں گے، فائنل میں پہنچ کر کیا کریں گے۔ اس بار ہم جہاں تھے صرف اسی کے بارے میں سوچ رہے تھے۔
سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ہم نے پچھلی بار کی گئی غلطیوں سے سبق سیکھا اور میٹنگ میں فیصلہ کیا کہ ہم ان غلطیوں کو میچ میں نہیں دہرائیں گے، اس لیے اس بار ہم نے فیصلہ کیا کہ اسکور کوئی بھی ہو، حالات جیسے بھی ہوں، ہم ایک جیسا کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہر ہندوستانی کے لئے خوشی کا لمحہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔