سری لنکا کے کھلاڑی کشل پریرا چوٹ کے سبب ہندوستان کے خلاف محدود اوور کی سیریز سے باہر

سری لنکا کرکٹ نے ایک بیان میں کہا، ’’کشل پریرا چوٹ کے سبب ہندوستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

کشل پریر،تصویر آئی اے این ایس
کشل پریر،تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولمبو: سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کشل پریرا کندھے کی چوٹ کے سبب ہندوستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز اور ٹی 20 سے باہر ہوگئے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے گزشتہ روز اس کی تصدیق کی ہے۔ پریرا کے باہر ہونے کا مطلب ہے کہ سری لنکا اپنی پہلی پسند کے وکٹ کیپر کے بغیر ہی سیریز کھیلے گی۔ پریرا کے بدلے میں سری لنکا کے پاس نروشن ڈکویلا موجود ہیں جنہیں انگلینڈ کے حالیہ دورے پر بائیوببل کی خلاف ورزی کے بعد معطل کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ مئی میں بنگلہ دیش میں ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے تیز گیند باز بنورا فرنانڈو بھی جمعرات کو ایک ٹریننگ سیشن کے دوران بائیں گھٹنے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے باہر ہو جائیں گے۔ سری لنکا کرکٹ نے ایک بیان میں کہا، ’’کشل پریرا چوٹ کے سبب ہندوستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ کیونکہ ٹریننگ کے دوران ان کے داہنے کندھے میں موچ آگئی ہے۔


اس کے علاوہ تیزگیند باز بنورا فرنانڈو کے کل منعقدہ ایک پریکٹس سیشن کے دوران گھٹنے میں موچ آگئی ہے۔ فرنانڈو ہندوستان کے خلاف محدود اوور کی سیریز کے لئے دستیاب نہیں رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان چھ میچوں کی محدود اوور کی سیریز 18 جولائی کو شروع ہوگی۔ پہلے تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے اور بعد میں تین ٹی 20 مقابلے ہوں گے۔ سری لنکا نے دونوں سیریز کے لئے ابھی تک پوری ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔