سری لنکا نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں نیدرلینڈ کو 128 رنز سے دی شکست

نوجوان آف اسپنر ٹیکشنا نے 6.3 اوورز میں 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان مدوشنکا نے 7 اوورز میں 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وینندو ہسرنگا نے سات اوورز میں 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

<div class="paragraphs"><p>سری لنکائی ٹیم، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سری لنکائی ٹیم، تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

ہرارے: سہان آراٹچیگے (57) کی شاندار نصف سنچری اور مہیش ٹیکشنا (31/4) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے اتوار کو ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں نیدرلینڈ کو 128 رنز سے شکست دے دی۔ سہان کی نصف سنچری کی مدد سے سری لنکا نے ہالینڈ کے سامنے 234 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہالینڈ کی ٹیم 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

نوجوان آف اسپنر ٹیکشنا نے 6.3 اوورز میں 31 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان مدوشنکا نے سات اوورز میں 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وینندو ہسرنگا نے سات اوورز میں 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہالینڈ نے ٹاس جیت کر ٹائٹل مقابلے میں باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کی سست شروعات کے بعد اس کے دونوں اوپنرز کو 44 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ پاتھم نسانکا نے 33 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے جبکہ سدیرا سمارا وکراما نے 23 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔


ابتدائی جھٹکوں کے بعد کوسل مینڈس اور سہان نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت داری کی۔ مینڈس نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور ان کی وکٹ گرنے کے بعد سہان نے چارت اسلانکا (36 گیندوں، 36 رنز) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 64 رنز بھی جوڑے۔

سری لنکا کی جانب سے سہان نے 71 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ہسرنگا (21 گیندوں، 29 رنز) اور متیشا پتھیرانا (30 گیندوں، 13 رنز) نے سری لنکا کو آل آؤٹ ہونے سے پہلے 47.5 اوورز میں 233 رنز تک پہنچا دیا۔


یہ اسکور ہالینڈ کے لیے بہت بڑا ثابت ہوا۔ ڈچ ٹیم کے لیے اوپنر میکس اوڈاؤڈ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے، حالانکہ اس کے لیے انہوں نے 63 گیندیں بھی کھیلیں۔ لوگن وان بیک نے 20 رنز بنائے جبکہ آٹھ ڈچ بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے۔ ورلڈ کپ کوالیفائر میں سرفہرست دو ٹیمیں ہونے کی وجہ سے سری لنکا اور نیدرلینڈز اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں حصہ لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔