سورو گنگولی کو اب ’وائی‘ نہیں بلکہ ’زیڈ‘ زمرے کی سیکورٹی فراہم کی جائے گی، بنگال حکومت کا فیصلہ
گنگولی فی الحال آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز ٹیم سے وابستہ ہیں اور 21 مئی کو کولکاتا واپس آئیں گے۔ اسی دن سے انہیں زیڈ کیٹیگری کی سیکورٹی ملنا شروع ہو جائے گی۔
کولکاتا: مغربی بنگال حکومت نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی کی سیکورٹی کو 'زیڈ' کیٹیگری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے کچھ سینئر عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ منگل کو سورو گنگولی کی 'وائی' زمرہ کی سیکورٹی کی میعاد ختم ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔
اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’کسی بھی اہم ترین شخص کے سیکورٹی کور کی مدت پوری ہونے پر پروٹوکول کے مطابق جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس عمل کے تحت گنگولی کی سیکورٹی کو ’وائی‘ سے بڑھا کر ’زیڈ‘ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ نئے حفاظتی انتظامات کے تحت اب گنگولی کی حفاظت کے لیے 8 سے 10 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اب تک تین پولیس والے ان کے ساتھ رہتے تھے۔ گنگولی فی الحال آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز ٹیم سے وابستہ ہیں اور 21 مئی کو کولکاتا واپس آئیں گے۔ اسی دن سے انہیں زیڈ کیٹیگری کی سیکورٹی ملنا شروع ہو جائے گی۔
مغربی بنگال میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، گورنر سی وی آنند بوس اور ترنمول کانگریس کے ایم پی اور جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کو زیڈ پلس زمرہ کی سیکورٹی حاصل ہے۔ وہیں، فرہاد حکیم اور مولائے گھٹک جیسے وزراء کو زیڈ کیٹیگری کی سیکورٹی دی گئی ہے۔ بی جے پی کے مغربی بنگال کے صدر سوکانت مجمدار کو بھی زیڈ پلس سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔