اڈانی-ہنڈن برگ معاملہ میں آج سپریم کورٹ میں ہوگی سماعت، سیبی نے کیا ہے یہ مطالبہ

سیبی نے اپنی عرضی میں کہا کہ اس نے 11 ممالک کے مارکیٹ ریگولیٹرز سے یہ معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے کہ آیا اڈانی گروپ نے اپنے عوامی طور پر دستیاب حصص کے معاملے میں کسی اصول کی خلاف ورزی کی ہے؟

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ آج اڈانی-ہنڈن برگ رپورٹ معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی اور سیبی کی طرف سے رپورٹ پیش کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کے مطالبے پر سماعت کرے گا۔ سیبی نے سپریم کورٹ میں درخواست کی ہے کہ اڈانی گروپ کے ذریعہ اسٹاک ہیرا پھیری کے ہنڈن برگ الزامات کی تحقیقات مکمل کرنے کے لئے 6 ماہ کی توسیع کی جائے۔

سیبی نے اپنی عرضی میں کہا کہ اس نے 11 ممالک کے مارکیٹ ریگولیٹرز سے یہ معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے کہ آیا اڈانی گروپ نے اپنے عوامی طور پر دستیاب حصص کے معاملے میں کسی اصول کی خلاف ورزی کی ہے؟ ریگولیٹر نے کہا ’’کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی دستاویزات کا مکمل تجزیہ کرنا ہوگا۔‘‘


سپریم کورٹ نے 2 مارچ کو دیے گئے ایک حکم میں سیبی سے کہا تھا کہ وہ تحقیقات کو تیزی سے مکمل کرے اور اسٹیٹس رپورٹ داخل کرے۔ اڈانی گروپ کی تحقیقات اس سال کے شروع میں امریکہ میں مقیم شارٹ سیلر فرم ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔

اس رپورٹ میں ارب پتی گوتم اڈانی کی قیادت والے گروپ پر ٹیکس پناہ گاہ والے ممالک کے استعمال اور حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کا الزام لگایا گیا تھا۔ حالانکہ اڈانی گروپ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ تک بھی پہنچا تھا، جس کے بعد عدالت نے 2 مارچ کو سیبی کو معاملے کی تحقیقات کرنے اور دو ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم، سیبی نے اپنی نئی درخواست میں تحقیقات مکمل کرنے کے لیے عدالت سے 6 ماہ کا وقت مانگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔