ٹیسٹ کرکٹ کیرئیر میں سراج کو ملا پہلا وکٹ، حیدرآباد میں خوشی کی لہر

سراج کے وکٹ لینے کے ساتھ ہی تمام شائقین نے جشن مناتے ہوئے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ پہلا وکٹ حاصل کرنے کے لئے ان کو 43 گیندوں کا انتظارکرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: حیدرآبادی کرکٹر محمد سراج جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی شروعات آج میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ سے کی، کو پہلا وکٹ حاصل ہونے پرحیدرآباد میں ان کے چاہنے والوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ جیسے ہی ٹی وی پر براہ راست میچ میں سراج وکٹ لیتے ہوئے نظر آئے، شہر کے کرکٹ شائقین اور ان کے مداحوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔

سراج کے وکٹ لینے کے ساتھ ہی تمام شائقین نے جشن مناتے ہوئے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ پہلا وکٹ حاصل کرنے کے لئے ان کو 43 گیندوں کا انتظارکرنا پڑا۔ انہوں نے خطرناک لابوسچنگے کو شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ کروایا، جنہوں نے گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش کی، تاہم وہ گل کے ہاتھوں میں گیند تھما بیٹھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سراج کا پہلا وکٹ ہے، شبھمن گل کا بھی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلا کیچ تھا۔


سراج نے اس کے بعد دوسرا وکٹ بھی حاصل کیا اور پیٹ کمنس کو 9 کے اسکور پر رویندر جڈیجا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 195 رن پر آل آؤٹ کرنے میں سراج کا اہم تعاون رہا۔ انہوں نے 15 اوور میں 40 رن دے کر شاندار 2 وکٹ حاصل کیے۔

قبل ازیں، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی کھلاڑی قومی ٹیم کے لئے نمائندگی کر چکے ہیں اور ملک کا نام روشن کرچکے ہیں۔ ان میں سابق کپتان محمد اظہرالدین، شیولال یادو، سرکردہ بلے باز وی وی ایس لکشمن، وینکٹ پتی راجو اور ارشد ایوب قابل ذکر ہیں۔


محمد سراج کو اشون نے دی ’انڈین کیپ‘

سید عابد علی کے بعد دوسرے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کے لئے آج کا دن تاریخی اور یادگار ہے کیونکہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ کیرئیر کی شروعات آسٹریلیا میں کی ہے۔ حال ہی میں اپنے والد سے محروم محمد سراج کو میدان میں ٹیم انڈیا کے سینئر اسپنر روی چندرن اشون نے ہندوستانی کیپ حوالے کی۔

میلبورن کے کرکٹ گراونڈ پر آسٹریلیا کے خلاف یہ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اس طرح 26 سالہ فاسٹ بولر ہندوستانی کیپ حاصل کرنے والے 298 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ اسی میچ میں شبھمن گل 297 ویں کھلاڑی بن گئے، جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی اسی میچ سے شروعات کی ہے۔


محمد سراج، عابد علی کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کیا ہے۔ عابد علی نے 1966-67 کی سیریز میں ایڈیلیڈ میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ بی سی سی آئی نے سراج کو کیپ حوالے کرنے کی مختصر ویڈیو ٹوئٹ کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔