ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ نے کیا ٹیم کا اعلان، شعیب بشیر کو ملی جگہ
پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی جو ٹیم کھیلی تھی، اس میں دو تبدیلی کی گئی ہے، تیز گیندباز مارک ووڈ کی جگہ جیمس اینڈرسن کھیلیں گے اور جیک لیچ کی جگہ شعیب بشیر کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔
حیدر آباد میں ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو 28 رنوں سے شکست دینے کے بعد انگلش ٹیم جوش سے بھری ہوئی ہے۔ اب اس کی نظریں 2 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ پر ہے جس کے لیے ایک دن قبل ہی انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ وشاکھاپٹنم میں ہونے والے اس مقابلے کے لیے انگلینڈ نے جس پلیئنگ 11 کا اعلان کیا ہے، اس میں پہلے میچ کے مقابلے دو تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تیز گیندباز جیمس اینڈرسن کی واپسی ہوئی ہے اور اسپن گیندباز شعیب بشیر بھی امید کے مطابق ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ کی ہی طرح انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے بھی ٹیم میں صرف ایک تیز گیندباز کو ہی شامل کیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں بے اثر ثابت ہوئے تیز گیندباز مارک ووڈ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور ان کی جگہ جیمس اینڈرسن کھیلیں گے۔ 41 سالہ اینڈرسن کا یہ غالباً آخری ہندوستانی دورہ ہوگا اور ایسے میں انگلش ٹیم کو ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں سبھی کی نظریں 20 سالہ اسپن گیندباز شعیب بشیر پر مرکوز رہیں گی، جو سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی سرخیوں میں آ گئے تھے۔ صرف 6 فرسٹ کلاس میچ کا تجربہ رکھنے والے بشیر کا سلیکشن شروع سے ہی سرخیوں میں رہا تھا، اور پھر وہ موضوعِ بحث تب بن گئے جب ویزا مسئلہ کے سبب ٹیم کے ساتھ ہندوستان نہیں آ سکے۔ تاخیر سے ہندوستان پہنچنے کی وجہ سے انھیں پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا، لیکن اب وہ پوری طرح سے اپنی گیندبازی کا ہنر دکھانے کو تیار ہیں۔ انھیں جیک لیچ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگا بیٹھے تھے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون اس طرح ہے: بین اسٹوکس (کپتان)، جیک کراؤلی، بین ڈکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، جانی بیئرسٹو، بین فوکس، ریحان احمد، ٹام ہارٹلی، شعیب بشیر اور جیمس اینڈرسن۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔