روڈ سیفٹی ٹی-20: پیٹرسن کی تیز طرار اننگ کی بدولت انگلینڈ لیجنڈز فتحیاب

انگلینڈ لیجنڈز کا یہ پہلا میچ تھا اور اب وہ 4 پوائنٹ کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی، بنگلہ دیش کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کو اپنے پچھلے میچ میں ہندوستان سے شکست حاصل ہوئی تھی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

رائے پور: گیند بازوں کے بعد بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ لیجنڈز نے اتوار کو یہاں رائے پور کے شہید ویر نارائن سنگھ بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ان اکیڈمی روڈ سیفٹی ورلڈ کپ ٹی۔ 20 کے ساتویں میچ میں بنگلہ دیش لیجنڈز کو سات وکٹ سے ہراکر ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کی فاتحانہ شروعات کی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹ پر 113 رنوں پر روک دیا اور پھر 36 گیندیں باقی رہتے ہوئے تین وکٹ گنوا کر ہدف حاصل کرلیا۔

انگلینڈ لیجنڈز کا یہ پہلا میچ تھا اور اب وہ چار پوائنٹ کے ساتھ فہرات میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ بنگلہ دیش کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم کو اپنے پچھلے میچ میں ہندوستان سے شکست حاصل ہوئی تھی۔ بنگلہ دیش سے ملے 114 کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کو فل مسٹرڈ (27) اور کپتان کیون پیٹرسن (42) نے پہلے وکٹ کے لئے 3.4 اوور میں 46 رنوں کی شراکت داری کرکے دھماکہ خیز شروعات دی۔ اگرچہ عالمگیر کبیر نے مسٹرڈ کو صالح کے ہاتھوں کیچ کرا کر اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ مسٹرڈ نے 16 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔


مسٹرڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد پیٹرسن نے ڈیرین میڈی (ناٹ آؤٹ 32) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 40 رنوں کی شراکت داری کرکے انگلینڈ کوجیت کی جانب گامزن کر دیا۔ کپتان پیٹرسن نے 17 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پیٹرسن کو کپتان محمد رفیق نے بولڈ کیا۔ رفیق نے اس کے بعد کرس اسکوفیلڈ (5) کو بھی ایل بی ڈبلیو کرکے انگلینڈ کو تیسرا جھٹکا دیا۔ میڈی نے پھر گوون ہیلمٹن (ناٹ آؤٹ 5) کے ساتھ مل کر انگلینڈ کو سات وکٹ سے جیت دلا دی۔ میدی نے 32 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان محمد رفیق نے دو اور کبیر نے ایک وکٹ لیا۔

اس سے قبل پہلے بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کی شروعات صحیح نہیں رہی اور ٹیم نے 4.4 اوور تک 22 رن کے اندر ہی ناظم الدین (12) اور جاوید عمر (5) کے طور پر اپنے دونوں سلامی بلے بازوں کے وکٹ گنو دیئے۔ ناطم الدین کو ریان سائڈ باٹم نے جبکہ عمر کو کرس ٹریملیٹ نے آؤٹ کیا۔ ٹریملیٹ نے پھر حنان سرکار (13) کو بھی آؤٹ کرکے 37 رن تک بنگلہ دیش کے تین وکٹ گرا دیئے۔ ٹیم کے بلے بازوں کا فلاپ شو آگے بھی جاری رہا اور نفیس اقبال (8) ٹیم کے 45 کے اسکور پر چوتھے وکٹ کے طور پر پویلین لوٹ گئے۔ اقبال کو مونٹی پنیسر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔


بنگلہ دیش کو پانچواں دھچکا 8.1 اور میں 55 کے اسکور پر رمیض صالح کی صورت میں لگا۔ انہوں نے کرس اسکو فیلڈ نے اسٹمپ آؤٹ کرایا۔ اگرچہ اس کے بعد مشفق الرحمان (ناٹ آؤٹ 30) اور خالد مسعود (31 ریٹائرڈ ہرٹ) نے چھٹے وکٹ کے لئے 51 رنوں کی شراک داری کرکے بنگلہ دیش کو مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 113 رنوں پر پہنچا دیا۔ مسعود نے 39 گیندوں پر تین چوکے جبکہ رحمان نے 26 گیندوں پر چار چوکے لگائے۔ محمد رفیق نے دو گیندوں پر ناٹ آؤٹ دو رن بنائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔