آئی پی ایل 2024: رشبھ پنت دَمدار واپسی کے لیے تیار، دہلی کیپٹلز نے کپتان بنانے کا کیا اعلان
دہلی کیپٹلز کے سربراہ اور مالک پارتھ جندل نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’’ہمیں اپنے کپتان کی شکل میں رشبھ کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، صبر اور بے خوفی ہمیشہ ان کے کرکٹ میں اہم رہا ہے۔‘‘
رشبھ پنت آئی پی ایل 2024 میں دَمدار واپسی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ منگل کے روز انھیں دہلی کیپٹلز کا کپتان مقرر کیے جانے کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا۔ یعنی رشبھ پنت دہلی کیپٹلز سے بطور کپتان جڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ایک خوفناک کار حادثہ کا شکار ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پَنت 14 مہینے تک کرکٹ سے دور رہے۔ لیکن اب وہ پوری طرح سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دہلی کیپٹلز کے سربراہ اور مالک پارتھ جندل نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’’ہمیں اپنے کپتان کی شکل میں رشبھ کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ صبر اور بے خوفی ہمیشہ ان کے کرکٹ میں اہم رہا ہے۔ ہم نئے جوش اور جنون کے ساتھ نئے سیشن کا انتظار کر رہے ہیں اور میں انھیں ایک بار پھر ہماری ٹیم کو میدان پر لے جاتے ہوئے دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔‘‘
اس سے قبل بی سی سی آئی نے پَنت کو اس سال کے آئی پی ایل میں وکٹ کیپر بلے باز کی شکل میں کھیلنے سے متعلق منظوری دے دی تھی۔ بورڈ نے ایک میڈیکل اَپڈیٹ میں کہا تھا کہ ’’اتراکھنڈ کے روڑکی کے پاس 30 دسمبر 2022 کو سڑک حادثہ کے بعد 14 مہینے کی سخت محنت کے عمل سے گزرنے کے بعد رشبھ پنت کو اب آئندہ آئی پی ایل 2024 کے لیے وکٹ کیپر بلے باز کی شکل میں فِٹ قرار دیا گیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔