ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی پر پی سی بی نے اٹھایا سخت قدم، وہاب ریاض اور عبدالرزاق برخواست

وہاب ریاض اور عبدالرزاق قومی سلیکٹر کی شکل میں کام کر رہے تھے، دونوں ہی اس 7 رکنی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے جنھوں نے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ٹیم کا انتخاب کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>پاکستان کرکٹ بورڈ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پاکستان کرکٹ بورڈ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2024 میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پاکستان میں کوئی بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملے گا۔ اس ضمن میں اب جا کر پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے سخت قدم اٹھایا ہے۔ اس نے قومی سلیکٹرس وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔

دراصل پاکستانی ٹیم ٹی-20 عالمی کپ میں گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہو گئی تھی۔ اسے ہندوستان کے ساتھ ساتھ امریکہ جیسی کمزور ٹیم سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی والی پاکستان ٹیم اپنے گروپ میں تیسرے مقام پر چلی گئی تھی اور سپر-8 گروپ میں داخل نہیں ہو سکی۔ اس گروپ میں ہندوستان اور امریکہ ٹاپ پر تھے جو سپر-8 کے لیے کوالیفائی کر گئے تھے۔


ٹی-20 عالمی کپ 2024 میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے لیے ویسے تو کئی چیزیں ذمہ دار ہیں، لیکن وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے باہر کرنا ایک سخت فیصلہ ہے۔ دونوں ہی کھلاڑی اس سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے جس نے عالمی کپ کے لیے ٹیم کا انتخاب کیا تھا۔ کمیٹی کو اس مدت کار میں کوئی چیف سلیکٹر نہیں ملا۔ آئی سی سی کے بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کی نو تشکیل سے متعلق تصدیق کر دی ہے اور نئی کمیٹی سے متعلق جانکاری جلد ہی سامنے آئے گی۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ ٹورنگ کمیٹی کے کئی اراکین سے ملے فیڈ بیک سے جڑا ہوا ہے، جس میں منیجر، کوچ اور کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کے سابق چیف رمیز راجہ نے ٹیم کے سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ خصوصاً اماد وسیم اور محمد عامر کے ٹیم میں شامل ہونے پر سوال کھڑے کر دیے تھے، جنھوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد یو-ٹرن لیا تھا۔ اس کے علاوہ ریاض اور عبدالرزاق کا برمنگھم میں چل رہی عالمی چمپئن شپ آف لیجنڈس میں حصہ لینا پی سی بی افسران کو پسند نہیں آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔