محمد سراج نے ظہیر اور کمبلے کو پیچھے چھوڑ کپل دیو کے ریکارڈ کی برابری کی
محمد سراج نے لارڈس ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 4-4 وکٹ لیے، کپل دیو نے 1982 میں 8 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا اور انھوں نے پہلی اننگ میں 5 وکٹ اور دوسری اننگ میں 3 وکٹ لیے تھے۔
تاریخی لارڈس کے میدان پر ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو 151 رنوں سے شکست دے کر فتح کا پرچم تو لہرایا ہی، اس ٹیسٹ میچ میں کئی ریکارڈ بھی ٹوٹے۔ اس دوران ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سراج نے بھی ایک ریکارڈ بنایا جس پر کم ہی لوگوں کی نظر گئی۔ دراصل انھوں نے لارڈس میں کھیلے گئے اپنے پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹ لیے اور یہ کارنامہ کرنے والے ہندوستان کے واحد گیندباز کپل دیو تھے۔ گویا کہ محمد سراج نے کپل دیو کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔
محمد سراج نے لارڈس ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 4-4 وکٹ لیے۔ کپل دیو نے 1982 میں 8 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا اور انھوں نے پہلی اننگ میں 5 وکٹ اور دوسری اننگ میں 3 وکٹ لیے تھے۔ کپل کے علاوہ سابق تیز گیندباز ظہیر خان، آر پی سنگھ اور موجودہ کھلاڑی ایشانت شرما لارڈس میں ایک ٹیسٹ میں 7-7 وکٹ لے چکے ہیں۔ اس میدان پر سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑیوں کی بات کریں تو اس میں ایشانت سرفہرست ہیں۔ ایشانت نے یہاں اب تک 17 وکٹ لیے ہیں۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر اسپن کے جادوگر انل کمبلے کا نام آتا ہے جنھوں نے لارڈس میں مجموعی طور پر 12 وکٹ لیے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی-20 عالمی کپ: مکمل شیڈول جاری، ہند-پاک مقابلہ 24 اکتوبر کو
واضح رہے کہ لارڈس ٹیسٹ کی آخری اننگ میں ہندوستانی تیز گیندبازوں نے پہلے بلے بازی سے کمال دکھایا، اور پھر اپنی بہترین گیندبازی سے انگلینڈ کی بلے بازی کو تہس نہس کر دیا۔ ہندوستان نے میچ کے پانچویں اور آخری دن انگینڈ کے سامنے 60 اوور میں 272 رن کا ہدف رکھا تھا، لیکن محمد سراج (32 رن دے کر 4 وکٹ)، جسپریت بمراہ (33 رن دے کر 3 وکٹ)، ایشانت شرما (13 رن دے کر 2 وکٹ)، اور محمد سمیع (13 رن دے کر 1 وکٹ) نے انگلش ٹیم کو 52ویں اوور میں ہی 120 رن پر آل آؤٹ کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔