ایشیا کپ میں شاہین کی جگہ محمد حسنین لیں گے

محمد حسنین نے پاکستان کی جانب سے 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حسنین اس وقت انگلینڈ میں ہونے والے 'دی ہنڈریڈ' ٹورنامنٹ میں اوول انویسبلز کے لیے کھیل رہے ہیں۔

محمد حسنین، تصویر آئی اے این ایس
محمد حسنین، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لاہور: پاکستان کے نوجوان تیز گیند باز محمد حسنین 27 اگست سے شروع ہونے والے ٹی 20 ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ لیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ شاہین جولائی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے ہفتے کے روز کہا کہ انہیں چار سے چھ ہفتے آرام کرنے کی ضرورت ہے۔

حسنین نے پاکستان کی جانب سے 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حسنین اس وقت انگلینڈ میں ہونے والے 'دی ہنڈریڈ' ٹورنامنٹ میں اوول انویسبلز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ پی سی بی نے کہا کہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح دبئی روانہ ہوں گے۔ وہ ٹیم میں عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے، جو نیدرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کے لیے کھیل رہے تھے۔


ایشیا کپ 2022 میں پاکستان کا پہلا میچ 28 اگست کو ہندوستان کے خلاف ہے۔ اس کے بعد بابر اعظم کی ٹیم 2 ستمبر کو گروپ اے کے اپنے دوسرے میچ میں کوالیفائر ( یو اے ای، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ میں سے کوئی ایک) سے مقابلہ کرے گی۔ سپر 4 کے میچز 3 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔

اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔