کشن کی ڈبل سنچری، کوہلی کی سنچری، ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 409 رنوں کا دیا ہدف
کشن نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اور پہلی ڈبل سنچری بناتے ہوئے 131 گیندوں میں 24 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 210 رن بنائے۔
چٹاگانگ: ہندوستان نے ایشان کشن (210) کی دھماکہ خیز ڈبل سنچری اور وراٹ کوہلی (113) کی بدولت ہفتہ کو تیسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کے خلاف 410 رن کا بڑا ہدف رکھا۔ کشن نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اور پہلی ڈبل سنچری بناتے ہوئے 131 گیندوں میں 24 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 210 رن بنائے۔ کوہلی نے ان کا ساتھ دیا اور 91 گیندوں میں 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 113 رن بنائے۔ دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 290 رن کی شراکت ہوئی جس نے بنگلہ دیشی گیند بازوں کو پست کر دیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا لیکن کچھ دیر بعد یہ فیصلہ ان پر الٹا پڑگیا۔ شیکھر دھون کے تین رن کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد کشن-کوہلی جوڑی نے محاذ سنبھالا۔ جہاں کوہلی نے تحمل اور سوچ سمجھ کے ساتھ بلے بازی کی، کشن نے وکٹ پر قدم رکھتے ہی جوش و خروش کے ساتھ بلے بازی کی۔ اننگز کے 23ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی کشن نہیں رکے اور دھماکہ خیز بلے بازی جاری رکھی۔
کشن نے اپنی سنچری 88 گیندوں پر مکمل کی، جبکہ ان کے اگلے 100 رن صرف 38 گیندوں میں بنے۔ کشن 126 گیندوں میں 200 رن مکمل کر کے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل 2015 میں کرس گیل نے 138 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
اس کے ساتھ ہی کشن ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے ساتویں بلے باز بھی بن گئے۔ کشن کے علاوہ روہت شرما نے اس فارمیٹ میں تین ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ سچن تندولکر، وریندر سہواگ، گیل، فخر زمان اور مارٹن گپٹل نے ایک ایک ڈبل سنچری بنائی ہے۔
کشن کے 210 رن پر آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی نے اپنی 44ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 40 ماہ بعد کھیل کے اس فارمیٹ میں سنچری بنائی ہے جبکہ ان کی آخری ون ڈے سنچری اگست 2019 میں آئی تھی۔ بین الاقوامی کرکٹ میں کوہلی کی یہ 72ویں سنچری ہے اور وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں اب صرف سچن تندولکر (100) سے پیچھے ہیں۔
تاہم بنگلہ دیش نے آخری 10 اووروں میں چند وکٹیں حاصل کرکے میچ کو کھینچنا شروع کیا۔ کشن کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش نے شریاس ایر، لوکیش راہول اور شاردول ٹھاکر کو ڈبل فیگرز کو چھونے نہیں دیا۔ اس کے علاوہ اکشر پٹیل نے 17 گیندوں میں 20 رن بنائے جبکہ واشنگٹن سندر نے 27 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رن بنا کر ہندوستان کو 409 رنز تک پہنچایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔