آئی پی ایل: سچن تندولکر کے ’بیسٹ پلیئنگ الیون‘ میں محمد شامی اور راشد خان شامل

ہندوستان کے عظیم سابق کرکٹر سچن تندولکر نے حال ہی میں ختم ہوئے آئی پی ایل 2022 سیزن کے بعد اپنی ’بیسٹ پلیئنگ الیون‘ کا انتخاب کیا ہے جس میں نہ ہی روہت شرما کو جگہ ملی ہے، اور نہ ہی وراٹ کوہلی کو۔

محمد شامی اور راشد خان، تصویر آئی اے این ایس
محمد شامی اور راشد خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے عظیم سابق کرکٹر سچن تندولکر نے حال ہی میں ختم ہوئے آئی پی ایل-2022 کے بعد اپنی ’بیسٹ پلیئنگ الیون‘ یعنی بہترین گیارہ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں رائل چیلنجرس بنگلورو کے سابق کپتان وراٹ کوہلی اور ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما کو جگہ نہیں ملی ہے۔ آئی پی ایل 2022 کا خطاب گجرات ٹائٹنس کے نام کرنے میں اہم کردار نبھانے والے کپتان اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو سچن تندولکر نے اپنی ٹیم کی بھی کپتانی سونپی ہے۔

اپنی فہرست سے متعلق سچن تندولکر نے کہا کہ یہ ’بیسٹ پلیئنگ الیون‘ پوری طرح سے آئی پی ایل-2022 سیزن کی کارکردگی پر مبنی ہے اور اس کا گزشتہ سیزن سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی کارکردگی اچھی نہیں تھی، اس وجہ سے وہ میری ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے۔ تندولکر نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ’’اس کا (منتخب بیسٹ پلیئنگ الیون) کھلاڑیوں کے وقار یا ان کی گزشتہ کارکردگی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ پوری طرح سے اِس سیزن میں ان کی کارکردگی اور اس سیزن میں انھوں نے کیا حاصل کیا، اس پر مبنی ہے۔‘‘


ہاردک پانڈیا کی قیادت والی تندولکر کی ٹیم میں انگلینڈ کے طوفانی بلے باز جوس بٹلر، شکھر دھون، کے ایل راہل، ڈیوڈ ملر، لیام لیونگسٹن، دنیش کارتک، راشد خان، محمد شامی، جسپریت بمراہ اور یجویندر چہل جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ ہاردک کو کپتان بنائے جانے سے متعلق سچن تندولکر نے کہا کہ ’’ہاردک نے اس سیزن میں شاندار کپتانی کی ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ افسوس مت کرو، جشن مناؤ۔ اگر آپ جشن منانے میں اہل ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ کپتان اپوزیشن کو شکست دے رہا ہے، اور یہی ہاردک نے کیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔