طوفان کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم ہوٹل میں بند، بی سی سی آئی واپس لانے کے لیے چارٹرڈ طیارہ بھیجے گا
موسم بہتر ہونے اور بارباڈوس کے ہوائی اڈے پر آپریشن شروع ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم خصوصی چارٹرڈ طیارے سے براہ راست دہلی ا ٓجائے گی۔
ٹی ٹوینٹی عالمی کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے بارباڈوس میں پھنسی ہوئی ہے۔ ٹیم انڈیا کو پیر کو بارباڈوس سے نیویارک پہنچنا تھا اور پھر ہندوستان روانہ ہونا تھا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔ بارباڈوس میں سمندری طوفان بیرل رات سے موثر ہےجس کے باعث وہاں کا ہوائی اڈہ بھی ایک دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اس لیے اب ہندوستانی ٹیم موسم بہتر ہونے اور بارباڈوس کے ہوائی اڈے پر آپریشن شروع ہونے کے بعد خصوصی چارٹرڈ طیارے سے براہ راست دہلی جائے گی۔ اس بات کا امکان ہے کہ ٹیم انڈیا کو بارباڈوس سے باہر نکلنے کے لیے پیر کی دیر شام یا منگل کی صبح تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ ٹیم اور عملہ بارباڈوس سے براہ راست دہلی جائے گا۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم کے 3 جولائی تک ملک پہنچنے کی امید کی جا سکتی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے وکرانت گپتا، جو اس وقت بارباڈوس میں ہیں، نے X پر ایک پوسٹ میں لکھا، 'بارباڈوس ایئرپورٹ بند کر دیا گیا ہے۔ اب یہاں کرفیو جیسی صورتحال ہے اور کسی کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ طوفان بیرل کے اگلے 6 گھنٹوں میں لینڈ فال کا امکان ہے۔ بوندا باندی شروع ہو گئی ہے۔ بیرل کو کیٹیگری 4 (دوسرا شدید ترین طوفان) میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ ٹیم انڈیا ہوٹل کے اندر ہی قیام کرے گی۔ کوئی نہیں جانتا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں کیا ہونے والا ہے۔ سفری منصوبوں کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔‘
واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی عالمی کپ 2024 کے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس جیت نے ٹیم انڈیا کے ساتھ ساتھ کرکٹ سے محبت کرنے والوں کو سات ماہ قبل احمد آباد میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا غم بھلانے میں مدد کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔