راہل دراوڑ کا آڈیو میسج سن کر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ہوئے جذباتی

بی سی سی آئی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں گوتم گمبھیر لیپ ٹاپ پر راہل دراوڑ کا خاص میسج سنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور پھر اس پر اپنا رد عمل بھی ظاہر کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

آج سے ہندوستانی کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت سری لنکا میں ہے اور گوتم گمبھیر بطور نئے ہیڈ کوچ بھی وہاں موجود ہیں۔ آج شام 7 بجے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی-20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز شروع ہونے سے عین قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو ایک خاص آڈیو پیغام بھیجا ہے جسے سن کر گمبھیر جذباتی ہو گئے ہیں۔ آڈیو پیغام میں راہل دراوڑ نے گوتم کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات بھیجی ہیں۔

بی سی سی آئی نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں گمبھیر لیپ ٹاپ پر راہل دراوڑ کا آڈیو میسج سنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس آڈیو میں دراوڑ کہتے ہیں کہ ’’ہیلو گوتم، ٹیم انڈیا کے کوچ کی شکل میں ہماری دنیا کی سب سے شاندار ملازمت میں آپ کا استقبال ہے۔ میں نے جس انداز میں ہندوستانی ٹیم کے کوچ کا سفر ختم کیا وہ خواب سے بالاتر تھا، اور اسے اب تین ہفتے ہو چکے ہیں۔ بارباڈوس اور اس کے کچھ دن بعد ممبئی میں شام کو جو کچھ ہوا تھا وہ شاندار تھا۔ میں کسی بھی چیز سے زیادہ اس ٹیم کے ساتھ اکٹھا کی گئیں یادیں، دوستی کو سنبھال کر رکھوں گا۔ اب آپ کوچ ہیں تو میں آپ کے لیے بھی یہی دعا کروں گا۔‘‘


دراوڑ نے اپنے اس خاص پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’’میں امید کرتا ہوں کہ آپ کو پوری طرح سے فِٹ کھلاڑیوں کی ٹیم ملے۔ اس کے لیے آپ کو نیک خواہشات۔ آپ جانتے ہیں کہ ہم کوچز کو، اپنے آپ کو جیسے ہم ہیں، اس سے تھوڑا چالاک، اسمارٹ ظاہر کرنا پڑتا ہے۔ اس کے لیے بھی میں آپ کو گڈ لک کہنا چاہتا ہوں۔‘‘

راہل دراوڑ کا یہ آڈیو پیغام سن کر گمبھیر انتہائی جذباتی ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ راہل دراوڑ نے ہمیشہ وہ کیا جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے ضروری تھا۔ ویڈیو میں گمبھیر کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ’’راہل دراوڑ وہ شخص ہیں جن کو میں کافی پہلے سے مانتا ہوں۔ میں نے کئی بار کہا ہے کہ میں جتنے بھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ہوں، ان میں سے راہل بھائی وہ کرکٹر ہیں جو اپنے لیے کبھی نہیں کھیلے۔ انھوں نے ہندوستانی کرکٹ کے لیے ہر وہ کام کیا جو ضروری تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔