ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف فالوآن بچانے کے لئے کرنی ہوگی جدوجہد

ہندوستان نے انگلینڈ کے 578 رن کے بڑے اسکور کے جواب میں آج تیسرے دن کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رن بنالئے ہیں۔ ہندوستان ابھی بھی 321 رن پیچھے ہے، فالوآن بچانے کے لئے 121 رن بنانے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنئی: وکٹ کیپر رشبھ پنت (91) اور چتیشور پجارا (73) کی شاندار اننگز کی باوجود ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میں فالوآن بچانے کے لئے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے 578 رن کے بڑے اسکور کے جواب میں آج تیسرے دن کھیل کے اختتام تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رن بنالئے ہیں۔ ہندوستان ابھی پہلی اننگز میں 321 رن پیچھے ہے اور فالوآن بچانے کے لئے اسے ابھی 121 رن بنانے ہیں جبکہ اس کے چار وکٹ محفوظ ہیں۔

انگلینڈ نے اپنی اننگز کو صبح آٹھ وکٹ پر 555 سے آگے بڑھانا شروع کیا اور اس کی پہلی اننگز 578 رنز پر ختم ہوئی۔ ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور ٹیم نے دونوں سلامی بلے باز روہت شرما اور شبھمن گل کا وکٹ جلد ہی گنوا دیا۔ کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان اجنکیا رہانے بھی جلد ہی آوٹ ہوگئے۔ پجارا اور پنت نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا حالانکہ سنچری سے 9 رن دور پنت نے خراب شاٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوایا۔ پنجارا نے پنت کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 119 رن جوڑ کر ہندوستان کو سنبھالنے کی کشش کی لیکن ڈومنک بیس نے پجارا کو روری برنس کے ہاتھوں کیچ کراکر اس ساجھیداری کو توڑ دیا۔


پجارا نے 143 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 73 رن بنائے جبکہ پنت نے صرف 88 گیندوں پر 91 رن کی اننگز میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ روہت 6 رن، گل 29 اور رہانے ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر 68 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 33 اور ری چندرن اشون 54 گیندوں میں آٹھ رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے آف اسپنر ڈومنک بیس نے 23 اوور میں 55 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تیزگیندباز جوفرا آرچر نے 16 اوور میں 52 رن پر دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

صبح انگلینڈ کی اننگز کو ختم کرنے کے بعد ہندوستانی اننگز کی شروعات خراب رہی۔ تجربہ کار سلامی بلے باز روہت کو آرچر نے چوتھے ہی اوور میں اپنا شکار بنالیا۔ روہت نے نو گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے چھ رن بنائے۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ 19 کے اسکور پر گرا۔ گل نے تیز شروعات کی لیکن جلد ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ گل کو بھی آرچر نے پویلین بھیجا۔ گل نے 28 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 29 رن بنائے اور ہندوستان کا دوسرا وکٹ 44 کے اسکور پر گرا۔


آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ کے بعد اب میدان میں اترے کپتان وراٹ کوہلی دیر تک نہیں ٹک سکے۔ وراٹ نے 48 گیندوں پر11 رن بنائے۔ بیس کی گیند پر اولی پوپ نے وراٹ کا کیچ لیا۔ ہندوستان نے تیسرا وکٹ 71 کے اسکور پر گنوایا۔ رہانے نے بھی پویلین لوٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔ بیس کی گیند پر رہانے کا کیچ شاندار انداز میں کپتان جوروٹ نے حاصل کیا۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 73 کے اسکور پر گرا۔ رہانے نے چھ گیندوں میں ایک رن بنایا۔

پجارا نے پنت کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 119 رنز کا اضافہ کرکے ہندوستان کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن بیس نے پوجارا کو روری برنز کے ہاتھوں کیچ کرا کر یہ شراکت توڑ دی۔ ہندوستان نے اپنی پانچویں وکٹ 192 کے اسکور پر گنوائی۔ پنت نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور شاندار چوکے اور چھکے لگائے۔ پنت پر کسی طرح کا کوئی دباؤ نظر نہیں آرہا تھا۔ وہ جارحانہ انداز میں انگلینڈ کے گیند بازوں کی پٹائی کر رہے تھے۔ انہوں نے ویسے ہی انداز میں بلے بازی کی جیسی انہوں نے برسبین میں آخری ٹسٹ کے دوران ہندوستان کو جیت دلانے میں کی تھی۔


پنت نے اپنے 50 رن صرف 40 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے پورے کرلئے تھے۔ پنت اپنی تیسری سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن وہ صبر نہیں رکھ سکے اور بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں جیک لیچ کو کیچ دے بیٹھے۔ پنت کا وکٹ 225 کے اسکور پر گرا۔ پنت نے اس سے پہلے برسبین میں ناٹ آوٹ 89 اور سڈنی میں 97 رن بنائے تھے۔ انہوں نے سندر کے چھٹے وکٹ کے لئے 33 رن جوڑے۔ اس کے بعد سندر اور اشون نے ساتویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں 32 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ اب یہ دونوں بلے بازوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ چوتھے دن ہندوستان کو فالو سے بچائیں۔

اس سے قبل صبح انگلینڈ کے لئے ڈومینک بیس نے 28 رنز اور جیک لیچ نے چھ رنز سے اننگز کو آگے بڑھایا۔ جسپریت بمراہ نے بیس کو اور اشون نے جیمز اینڈرسن کو آؤٹ کیا۔ بیس نے 34 اور اینڈرسن نے ایک رن بنایا جبکہ لچ 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے 45 ایکسٹرا رن دیئے جس میں سے 20 رنز نوبول سے تھے۔ ہندوستان کی جانب سے ایشانت نے 27 اوورز میں 52 رن پر دو وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ نے 36 اوورز میں 84 رن پر تین وکٹیں، اشون نے 55.1 اوورز میں 146 رن پر تین وکٹیں اور شہباز ندیم نے 44 اوورز میں 167 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ واشنگٹن سندر کو 26 اوورز میں 98 رن پر کوئی وکٹ نہیں ملا۔ روہت شرما نے بھی دو اوور گیندبازی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔