زمبابوے کے خلاف ٹی-20 سیریز پر ہندوستان کا قبضہ، چوتھے ٹی-20 میچ میں 10 وکٹ سے ملی فتح
پانچ ٹی-20 میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ کو جیت کر ہندوستان نے زمبابوے پر 1-3 کی ناقابل تسخیر سبقت بنا لی ہے، پانچواں اور آخری ٹی-20 مقابلہ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ہرارے اسپورٹس کلب میں زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دے کر 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔ آج ہندوستان کی جیت میں سلامی بلے باز یشسوی جیسوال کی طوفانی اننگ کا بڑا کردار رہا۔ انھوں نے 53 گیندوں پر 93 رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔ کپتان شبھمن گل نے بھی لاجواب کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 58 رن بنائے۔
ہندوستانی کپتان گل نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 152 رن بنائے، جو کہ مقابلہ کرنے لائق اسکور تھا۔ لیکن ہندوستان نے اس کھیل کو یکطرفہ بناتے ہوئے ضروری رن محض 15.2 اوورس میں ہی حاصل کر لیا اور کوئی وکٹ بھی نہیں گرنے دیا۔ ہندوستانی ٹیم کی شروعات اس سیریز میں شکست کے ساتھ ضرور ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد تینوں میچ جیت کر سیریز کو اپنے قبضے میں کر لیا ہے۔
اس مقابلے میں ہندوستانی سلامی بلے بازوں نے زمبابوے کے گیندبازوں کو کبھی بھی حاوی نہیں ہونے دیا۔ جیسوال نے 53 گیندوں کی اپنی اننگ کے دوران 13 چوکے اور 2 چھکے لگا کر 175.47 کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کی۔ دوسری طرف کپتان گل نے بھی 6 چوکے اور 2 چھکے لگا کر 148.72 کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بٹورے۔ ہندوستانی بلے بازوں کے سامنے زمبابوے کا ہر گیندباز مشکل میں دکھائی دیا۔ سب سے بہتر اعداد و شمار رچرڈ نگاروا کا رہا جنھوں نے 3 اوورس میں 27 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔
زمبابوے کی بلے بازی پر بات کی جائے تو سلامی بلے بازوں نے اچھی شروعات دی تھی، لیکن لووَر مڈل آرڈر اچھا کھیل نہیں دکھا سکا۔ نمبر 4 پر کپتان سکندر رضا ٹیم کے بہترین اسکورر رہے جنھوں نے 28 گیندوں پر 48 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ہندوستانی گیندبازوں کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے بعد کے بلے بازوں کو باندھ کر رکھا۔ خلیل احمد نے 4 اوورس میں 32 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔ تشار دیشپانڈے، واشنگٹن سندر، ابھشیک شرما اور شیوم دوبے کو 1-1 وکٹ ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔