’بی جے پی کے ذریعہ تیار خوف اور گمراہی کا جال ٹوٹ چکا ہے‘، ضمنی انتخابات کے نتائج پر راہل گاندھی کا رد عمل
سات ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں میں سے انڈیا بلاک نے 10 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، این ڈی اے کو محض 2 سیٹوں پر فتحیابی ملی جسے راہل گاندھی نے ’نفرت پر مبنی سیاست‘ کی شکست قرار دیا ہے۔
سات ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں کے نتائج نے انڈیا بلاک میں خوشی کی لہر پیدا کر دی ہے۔ لوک سبھا انتخاب کے بعد ہوئے اس پہلے ضمنی انتخاب میں انڈیا بلاک کو 10 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ بی جے پی کو محض 2 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں گئی ہے۔ اس نتیجہ کو مودی حکومت کے لیے زوردار جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے ضمنی انتخابات کے اس نتیجہ کو ’نفرت پر مبنی سیاست‘ کی شکست قرار دیا ہے۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے نتائج برآمد ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’7 ریاستوں میں ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج نے واضح کر دیا ہے کہ بی جے پی کے ذریعہ تیار کیا گیا ’خوف اور گمراہی‘ کا جال ٹوٹ چکا ہے۔ کسان، نوجوان، مزدور، تاجر اور نوکری پیشہ سمیت ہر طبقہ تاناشاہی پر مجموعی حملہ کر انصاف کا راج قائم کرنا چاہتا ہے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے اس پوسٹ میں آئین کے تحفظ کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اپنی زندگی کی بہتری اور آئین کی حفاظت کے لیے عوام اب پوری طرح سے انڈیا بلاک کے ساتھ کھڑی ہے۔ جئے ہندوستان، جئے سنویدھان۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس نے تن تنہا 4 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اسے اتراکھنڈ کی منگلور اور بدری ناتھ اسمبلی سیٹوں کے علاوہ ہماچل پردیش کی دیہرا اور نالہ گڑھ اسمبلی سیٹوں پر بھی کامیابی ملی ہے۔ اس فتح کے بعد کانگریس نے کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جس میں انتخابی نتائج کو نریندر مودی کے لیے عوام کا پیغام قرار دیا گیا ہے۔ ایک ویڈیو میں انتخابی نتائج کو کسی کھیل کے اسکور کی طرح ظاہر کرتے ہوئے 2-10 لکھا گیا ہے۔ اس میں این ڈی اے کا اسکور 2 اور انڈیا بلاک کا اسکور 10 دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا ہے ’جیت گیا انڈیا‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔