ہندوستان نے امریکہ کو شکست دی، عالمی کپ کے سپر 8  میں ہندوستانی ٹیم داخل ، پاکستان بھی خوش

ہندوستانی ٹیم نے ٹی 20 عالمی کپ 2024 میں دھوم مچا دی ہے۔ اس نے اپنے تیسرے میچ میں امریکہ کو شکست دی اور سپر 8 میں داخل ہو گیا۔ ہندوستان  کی اس جیت سے پاکستانی ٹیم بھی خوش ۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےٹی 20 عالمی کپ 2024کے سپر 8 میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل یعنی12 جون کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے امریکہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ ہندوستان کی مسلسل تیسری فتح ہے۔

اس بار ٹی 20 عالمی کپ 2024 کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہو رہی ہے۔ یہ میچ نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔


ایک وقت ہندوستانی ٹیم 39 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ اس کے بعد سوریہ کمار یادو اور شیوم دوبے نے جنگی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کو شکست دی۔ سوریا نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں اپنی چوتھی ففٹی بھی بنائی۔ میچ میں سوریا نے 49 گیندوں پر ناقابل شکست 50 اور دوبے نے 35 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 31 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔

سوریا اور شیوم نے چوتھی وکٹ کے لیے 65 گیندوں میں 67 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔ ان کے علاوہ رشبھ پنت نے 18 اور روہت شرما نے 3 رنز بنائے۔ جبکہ ویراٹ کوہلی کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ امریکہ کی جانب سے سوربھ نیتراوالکر نے 2 اور علی خان نے 1 وکٹ حاصل کی۔


میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے آئی امریکی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا۔ پہلا اوور ارشدیپ سنگھ نے کرایا جس میں امریکہ نے 2 وکٹیں گنوائیں۔ اس کے بعد ٹیم سنبھل گئی اور 8 وکٹوں پر 110 رنز بنائے۔ نتیش کمار نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ سٹیون ٹیلر نے 24 رنز بنائے۔ جبکہ کورے اینڈرسن صرف 15 رنز بنا سکے۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے تیز گیند باز ارشدیپ نے 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں ہاردک پانڈیا کو 2 کامیابیاں ملیں۔ اسپنر اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔


اس میچ سے ٹھیک پہلے امریکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا۔ ریگولر کپتان مونانک پٹیل انجری کے باعث باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ ایرون جونز نے کپتانی سنبھالی۔ دوسری جانب ہندوستانی کپتان نے اپنے پلیئنگ 11 میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

مشکل صورتحال سے دوچار پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں ہندوستان کی جیت کے لیے دعاکی ہوگی۔ درحقیقت اگر پاکستان کو  کوالیفائی کرنا ہے تو اسے اپنا باقی ماندہ ایک میچ جیتنا ہوگا اور یہ امید بھی کہ امریکہ اپنے باقی تمام میچ ہار جائے ۔ اس وقت گروپ اے میں ہندوستانی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ امریکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت کی جیت نے پاکستان کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔


امریکی ٹیم میں ہندوستانی نژاد کئی کھلاڑی شامل ہیں۔ امریکی گیند باز سوربھ نیتراوالکر اور ہرمیت سنگھ کئی ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ سوربھ اور ہرمیت ہندوستانی کپتان روہت شرما کے ساتھ بھی کھیل چکے ہیں۔ نیتراولکر سوریہ کمار یادو کے ساتھ بھی کھیل چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔