کلین سوئپ نہیں کر پایا ہندوستان، آخری ٹی-20 میں آسٹریلیا نے 12 رنوں سے ہرایا
آسٹریلیا نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 186 رنز کا چیلنجگ اسکور بنایا جبکہ کپتان وراٹ کوہلی کی 85 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود ہندوستان 20 اوور میں سات وکٹوں پر 174 رنز ہی بنا سکا۔
سڈنی: آسٹریلیا نے اوپنر میتھیو ویڈ (80) اور آل راؤنڈر گلین میکسویل (54) کی شاندار سنچریوں اور لیگ اسپنر مچل سویپسن (23 وکٹ پرتین وکٹ) کی عمدہ گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرا اور آخری ٹی 20 مقابلہ منگل کو 12 رنز سے جیت کر ہندوستان کو کلین سوئپ کرنے سے روک دیا, ہندوستان نے سیریز1-2 سے جیت لی۔ آسٹریلیا نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 186 رنز کا چیلنجگ اسکور بنایا جبکہ کپتان وراٹ کوہلی کی 85 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود ہندوستان 20 اوور میں سات وکٹوں پر 174 رنز ہی بناسکا۔ آسٹریلیا نے آخری میچ جیت کر ہندوستان کو اسی طرح ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کرنے سے روک دیا تھا جس طرح ہندوستان نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میں شکست دے کر ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرنے سے روکا تھا۔ آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ اب دونوں ٹیمیں 17 دسمبر سے شروع ہونے والی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے مایوس کن آغاز کیا اور اوپنر لوکیش راہول نے بغیر کھاتہ کھولے گلین میکسویل کی گیند پر اسٹیواسمتھ کو کیچ دے دیا۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ دوسری گیند پر ہی گرگیا۔ شکھر دھون اور وراٹ نے دوسرے وکٹ کے لئے 74 رن کی شاندار شراکت قائم کی۔ لیگ اسپنر مشیل سویپسن نے شکھر کو آؤٹ کرکے شراکت توڑ دی۔ شکھر نے 21 گیندوں پر 28 رنز میں تین چوکے لگائے۔ سنجو سیمسن نے نو بالز پر بغیر باؤنڈری کے 10 رن بناکر تیسرے وکٹ کے طور پر 97 رن کے اسکور پر آوٹ ہوئے۔ سویپسن نے سیمسن کا بھی شکار کیا۔ اس کے بعد سویپسن نےشرییس ائیر کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ ائیر کا بھی کھاتہ نہیں کھلا اور ہندوستان اپنی چوتھی وکٹ 100 رنز پر گنوا بیٹھا۔
وراٹ اور پچھلے میچ کے ہیرو ہاردک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کے لئے 44 رنز کا اضافہ کیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پانڈیا پچھلے میچ کا کارنامہ دہرائیں گے لیکن لیگ اسپنر ایڈم زیمپا نے پانڈیا کو کپتان آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ پانڈیا نے 13 گیندوں پر 20 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور دوچھکے شامل ہیں۔ ہندوستان کی امیدیں اب وراٹ پرمرکوز تھیں لیکن اینڈریو ٹائے نے 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر وراٹ کا وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کی امیدوں کو توڑ دیا۔ وراٹ نے 61 گیندوں پر 85 رن بنائے جس میں ان کے چار چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ وراٹ کا وکٹ 151 کے اسکور پرگرا۔ واشنگٹن سندر آخری اوور میں سات رن بنا کر شان ایبوٹ کا شکار بنے۔ شاردال ٹھاکر نے تیسری گیند پر ایک چھکا لگایا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ ٹھاکر سات گیندوں پر 17 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے لئے سویپسن کے تین وکٹوں کے علاوہ میکسویل، ایبوٹ ٹائے اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اس میچ میں باقاعدہ کپتان آرون فنچ آخری الیون میں واپس آئے اور کپتانی سنبھالی لیکن ان کی واپسی خوشگوار ثابت نہیں ہوئی اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی ہاردک پانڈیا کو واشنگٹن سندر کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
پچھلے میچ کی کپتانی کرنے والے ویڈ نے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری بنائی۔ ویڈ نے 53 گیندوں پر 80 رن کی شاندار اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ویڈ نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ اسمتھ نے 23 گیندوں پر 24 رنز میں ایک چوکا لگایا۔ اسمتھ کو سندر نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد ویڈ نے تیسری وکٹ کے لئے میکسویل کے ساتھ 90 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ ٹیم کے 169 رنز کے اسکور پر ویڈ تیسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ویڈ کو شاردال ٹھاکر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ میکسویل اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
ڈی آر سی شارٹ سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ موائسس ہنریکس پانچ اور ڈینیل سیمس چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کے لئے سندر نے 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نٹراجن نے 33 رن دے کر ایک وکٹ اور ٹھاکر نے 43 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستانی گیندبازوں نے 10 وائڈ سمیت 12 رنز دیئے جو آخر میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔