پہلے ٹی-20 میں چہل-نٹراجن نے ہندوستان کو فتح سے کیا ہمکنار، آسٹریلیا 11 رنوں سے ہارا
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا اور ہندوستان نے اس کے سامنے جیت کے لیے 162 رنوں کا ہدف رکھا، لیکن آسٹریلیائی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 150 رن ہی بنا سکی۔
کینبرا: لیگ اسپنریوزویندر چہل(25 رن پر تین وکٹ)اور بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز ٹی نٹراجن(30 رن پر تین وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی سے ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی-20 مقابلے میں جمعہ کو 11 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری قائم کرلی ہندوستان نے سلامی بلے باز لوکیش راہل(51) کی نصف سنچری اور روندرجڈیجہ ناٹ آوٹ(44) رن کی بہترین بلے بازی کی وجہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 161 رنز کا چیلنجنگ اسکوربنایا اور آسٹریلیا کی اننگ کو سات وکٹ پر 150 رونوں پر روک دیا۔
ہندوستان نے کینبرا کے مانوکا اوول میدان میں آسٹریلیا کوتیسرے اور آخری ون ڈے میں 13 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں اپنا عزت بچائی تھی اور اسی گراؤنڈ میں پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کے ساتھ ٹی-20 سیریز میں زبردست آغاز کیا۔ حالانکہ دونوں ٹیمیں ٹی-20 سیریز کے آخری دو میچ کھیلنے کے لئے سڈنی واپس آئیں گی جہاں ہندوستان کو پہلے دو ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی 6 اور 8 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان نے راہل کی 40 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنزاور جڈیجا کی 23 گیندوں پرپانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 44 رن کی تیزترین اننگ کی بدولت چیلنجنگ اسکو بنایا جو آخر میں میچ وننگ ثابت ہوا۔ جڈیجہ نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ رن بنانے کا سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے 38 رنز کا ہندوستانی ریکارڈ توڑا۔ جڈیجہ اپنی اننگز کے دوران سر میں چوٹ لگنے کے سبب فیلڈنگ کرنے نہیں آئےاور ہندوستان نے کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر لیگ اسپنر چہل کولیا جنہوں نے میچ وننگ اسپیل ڈالا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے اتری ٹیم انڈیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اوپنر شکھر دھون کو مچل اسٹارک نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ شکھر نے چھ گیندوں میں ایک رن بنایا۔ شکھرکے بعد کپتان وراٹ کوہلی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور نو بالز میں ایک چوکا کی مدد سے نو رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ وراٹ کو اپنی ہی گیند پر لیگ اسپنر مچل سویپسن نے کیچ کیا۔
راہل نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ایک سرے سے ٹیم کی اننگز کو آگے بڑھایا اور اور عمدہ فارم میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی-20 کیریئر کی 12 ویں نصف سنچری اسکور کی۔ لیکن نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہ بڑھا سکےاور موئسس ہینریکس کی گیند پر سین ایباٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
مڈل آرڈر بلے باز سنجو سیمسن نے 15 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ منیش پانڈے بھی اپناجلوہ بکھیرنے میں ناکام رہےاور آٹھ گیندوں میں صرف دو رنز بنا کر لیگ اسپنر ایڈم زیمپا کا شکار بن گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کچھ خاص نہیں کرسکے اور وہ 15 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پانڈیا کو ہنریکس نے آؤٹ کیا۔
جڈیجہ نے آخر میں ایک زبردست اننگز کھیلی اور ٹیم کو ایک چیلنجنگ اسکور پر پہنچایا۔ ٹی-20 سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیے گئے واشنگٹن سندر نے سات رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے لئے ہنریکس نے چار اوورز میں 22 رن پر تین وکٹیں حاصل کیں، اسٹارک نے چار اوورز میں 34 رن دے کر دو وکٹ، زیمپانے چار اوورز میں 20 رن دے کر ایک وکٹ اور سویپسن نے دو اوورز میں 21 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔
ہدف کا کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 56 رن کی اچھی شروعات کی لیکن بائیں ہاتھ کے اسپن آل راونڈر جڈیجہ کے سر میں بلے بازی کے دوران چوٹ لگنے کے سبب کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر لائے گئے لیگ اسپنر یزویندرچہل نے آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ کو آوٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔
فنچ نے 26 گیندوں پر35 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ چہل نے پھر خطرناک بلے باز اسٹیواسمتھ کو آوٹ کرکے ہندوستان کے راستے کا سب سے بڑا کانٹا دورکردیا۔ اسمتھ نے نوگیندوں میں ایک چھکے کے ساتھ 12 رن بنائے۔ چہل نے اپنے چوتھے اورآخری اوور میں میتھیو ویڈ کو آوٹ کر کے اپنا تیسراوکٹ حاصل کیا۔ ویڈ نے نو گیندوں پر سات رنز بنائے۔ چہل نے 25 رن پر تین وکٹ لیے۔
بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز ٹی نٹراجن نے بھی بے حد شاندار گیندبازی کی اور چاراوور میں 30 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ نٹراجن نے سلامی بلے باز ڈی آرسی شارٹ، گلین میکسویل اور مشیل اسٹارک کو آوٹ کیا۔ شارٹ نے 38 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 34رن، میکسویل نے دو اور اسٹارک نے ایک رن بنایا۔
دیپک چاہر نے ہینرکس کو پویلین بھیجا۔ ہینرکس نے 20گیندوں پر 30 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ چاہر نے چاراوور میں 29 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 72 رن کی مضبوط پوزیشن سے 55 رن جوڑ کر چھ وکٹ گنوائے اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔