آئی سی سی رینکنگ: محمد سراج ون ڈے میں ٹاپ پوزیشن سے پھسل کر تیسرے مقام پر پہنچے
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق محمد سراج 702 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جب کہ جوش ہیزل ووڈ (713 پوائنٹس) ایک بار پھر ٹاپ رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔
دبئی: ٹاپ ہندوستانی گیند باز محمد سراج بدھ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے گیند بازوں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن سے پھسل کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ سراج اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق وہ 702 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جب کہ جوش ہیزل ووڈ (713 پوائنٹس) ایک بار پھر ٹاپ رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے بولر ٹرینٹ بولٹ (708 پوائنٹس) کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ سراج 25 جنوری 2023 کو ون ڈے کرکٹ میں پہلے نمبر پر پہنچے اور کل 56 دن تک ٹاپ پر رہے۔ اس دوران نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز کین ولیمسن بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں ایک سنچری اور ایک ڈبل سنچری بنانے کے بعد چار درجے چھلانگ لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ولیمسن 883 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، حالانکہ وہ ٹاپ رینک والے آسٹریلیا کے مارنس لیبوشگن (915 ریٹنگ) سے بہت دور ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔