آئی سی سی نے ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے یوراج سنگھ کو بنایا برانڈ امبیسڈر، یوراج کا رد عمل بھی آیا سامنے
یوراج سنگھ نے کہا کہ ان کے پاس ٹی-20 عالمی کپ سے جڑی کچھ اچھی یادیں ہیں جن میں ایک اوور میں لگائے گئے 6 چھکے بھی شامل ہیں۔
ہندوستان میں بھلے ہی آئی پی ایل 2024 کی اس وقت دھوم مچی ہوئی ہے، لیکن کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک میں ٹی-20 عالمی کپ 2024 کا شور شروع ہو چکا ہے جو کہ یکم جون سے شروع ہوگا اور 29 جون کو اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔ اس درمیان آئی سی سی نے ہندوستانی ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو برانڈ امبیسڈر بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یوراج سنگھ نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے انٹرنیشنل ٹی-20 عالمی کپ کے دوران ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کو ہندوستان نے اپنے نام کیا تھا اور اس میں آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انتہائی اہم کردار نبھایا تھا۔ آج بھی جب اسٹوارٹ بروڈ کے ایک اوور میں 6 چھکوں کی بات آتی ہے تو یوراج سنگھ کے چہرے پر مسکراہٹ تیرنے لگتی ہے۔
بہرحال، آئی سی سی کے ذریعہ ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے برانڈ امبیسڈر بنائے جانے پر یوراج سنگھ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ٹی-20 عالمی کپ سے جڑی کچھ اچھی یادیں ہیں، جن میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانا بھی شامل ہے۔ ایک بار پھر ٹی-20 عالمی کپ کا حصہ بننا بہت خوشگوار ہے۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا انعقاد ہونے والا ہے۔ اس کا حصہ بننا میرے لیے باعث فخر ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی-20 عالمی کپ 2024 امریکہ اور کناڈا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ 5 جون کو نیویارک واقع اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس بار ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 9 مقامات پر کُل 55 میچوں کا انعقاد ہوگا اور فائنل مقابلہ 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔