آئی سی سی نے 2023 کی ’بیسٹ ٹی-20 ٹیم‘ کا کیا اعلان، ہندوستان کے 4 کھلاڑی شامل، سوریہ کمار یادو کو ملی کپتانی
ایک طرف جہاں 2023 کی بیسٹ ٹی-20 ٹیم میں ہندوستان کے 4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، وہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے کسی بھی کھلاڑیوں کو اس ٹیم میں شامل کرنے لائق نہیں سمجھا۔
ٹی-20 عالمی کپ شروع ہونے میں کچھ ہی ماہ رہ گئے ہیں، اور اس سے ٹھیک پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ سال (2023) کی ’بیسٹ ٹی-20 ٹیم‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ 2023 کی بیسٹ ٹی-20 ٹیم میں چار کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔ ٹی-20 کے نمبر 1 بلے باز سوریہ کمار یادو کو اس ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ ان کے علاوہ سلامی بلے باز یشسوی جیسوال، اسپنر روی بشنوئی اور تیز گیندباز عرشدیپ سنگھ کو آئی سی سی نے 2023 کی منتخب ٹی-20 ٹیم میں شامل کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سوریہ کمار یادو 2022 میں ٹی-20 کرکٹر آف دی ایئر منتخب ہوئے تھے اور 2023 میں بھی ان کا جلوہ خوب دکھائی دیا۔ اس کھلاڑی نے گزشتہ 177 ٹی-20 اننگ میں 48 سے زیادہ کی اوسط سے 733 رن بنائے ہیں۔ ان میں 2 سنچری اور 5 نصف سنچری شامل ہیں۔ دنیا کے نمبر 1 اس بلے باز کو ایک بار پھر ٹی-20 کرکٹر آف دی ایئر کی دوڑ میں سب سے آگے بتایا جا رہا ہے۔
جہاں تک یشسوی جیسوال کا سوال ہے، گزشتہ سال ٹی-20 انٹرنیشنل میں قدم رکھنے والے اس کھلاڑی نے 16 اننگ میں 33 سے زیادہ کی اوسط سے 502 رن بنائے ہیں۔ اس دوران انھوں نے ایک سنچری اور 4 نصف سنچری بھی اسکور کیے ہیں۔ اسپن گیندباز روی بشنوئی نے بھی گزشتہ سال زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 11 میچوں میں 18 وکٹ لیے اور ان کا اکونومی ریٹ 7.3 رہا۔ تیز گیندباز عرشدیپ سنگھ کی بات کی جائے، تو انھوں نے گزشتہ سال 21 میچوں میں 26 وکٹ حاصل کیے ہیں۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ جہاں ہندوستان کے 4 کھلاڑیوں نے 2023 کی ’بیسٹ ٹی-20 ٹیم‘ میں اپنی جگہ بنائی ہے، وہیں پاکستان کے ایک بھی کھلاڑی کو آئی سی سی نے اس ٹیم میں شامل کرنے لائق نہیں سمجھا۔ شاہین آفریدی، حارث رؤف، بابر اعظم، محمد رضوان جیسے کھلاڑی بھی اس ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یوگانڈا، زمبابوے اور آئرلینڈ جیسی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے 2023 کی ’بیسٹ ٹی-20 ٹیم‘ میں جگہ بنائی ہے۔
آئی سی سی کے ذریعہ 2023 کی منتخب کردہ ’بیسٹ ٹی-20 ٹیم‘ اس طرح ہے: یشسوی جیسوال (ہندوستان)، فل سالٹ (انگلینڈ)، نکولس پورن (ویسٹ انڈیز)، سوریہ کمار یادو (کپتان، ہندوستان)، مارک چیپ مین (نیوزی لینڈ)، سکندر رضا (زمبابوے)، الپیش رامجنی (یوگانڈا)، مارک ادیئر (آئرلینڈ)، روی بشنوئی (ہندوستان)، رچرڈ نگاروا (زمبابوے)، عرشدیپ سنگھ (ہندوستان)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔