گجرات ٹائٹنز آج بنگلور کو شکست دے کر پلے آف میں پہنچنے کی کرے گا کوشش

گجرات کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا اپنے کردار میں پوری طرح سے سیٹ ہوچکے ہیں۔ ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر چوٹی پر لے جانے کے علاوہ انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 61 کی اوسط سے سب سے زیادہ 305 رنز بھی بنائے ہیں۔

گجرات ٹائٹنز ٹیم
گجرات ٹائٹنز ٹیم
user

یو این آئی

ممبئی: گجرات ٹائٹنز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ہفتہ کو برابورن اسٹیڈیم میں ہونے والے 43 ویں آئی پی ایل میچ سے پہلے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ بے حد خراب فارم سے گزر رہے سابق کپتان وراٹ کوہلی کو اس میچ سے ڈراپ کیا جائے گا یا نہیں۔ سابق کپتان وراٹ نے اپنی بلے بازی کو بہتر بنانے کے لیے آئی پی ایل کے آغاز سے قبل بنگلور ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی تھی، لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ وراٹ کوہلی کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے میں سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری نے وراٹ کو آئی پی ایل چھوڑنے کا مشورہ تک دے دیا ہے۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم اگلے میچ میں وراٹ کو برقرار رکھتی ہے یا انہیں ڈراپ کرتی ہے۔

دوسری جانب گجرات کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا اپنے کردار میں پوری طرح سے سیٹ ہوچکے ہیں۔ ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر چوٹی پر لے جانے کے علاوہ انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 61 کی اوسط سے سب سے زیادہ 305 رنز بھی بنائے ہیں۔ تیز گیند بازی کے خلاف انہوں نے شاندار بلے بازی کی ہے۔ انہوں نے تیز گیند بازوں کے خلاف 147.28 کے اسٹرائیک ریٹ سے 190 رنز بنائے ہیں۔ اگرچہ تیز گیند بازوں نے ہاردک کو تین بار اپنا شکار بنایا ہے لیکن اس بات کی امید کم ہے کہ رائل چیلنجرز بنگلور کے گیند باز انہیں مشکل میں ڈال سکیں گے۔


بنگلورو کے کپتان فاف ڈو پلیسس اس سیزن میں گزشتہ سال کی فارم کو برقرار نہیں رکھ سکے ہیں۔ اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز (278) بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ لوکی فرگیوسن اور محمد شامی کے خلاف انہوں نے آئی پی ایل میں 190 کے اسٹرائیک ریٹ سے 133 رنز بنائے ہیں۔ وہ مجموعی طور پر ان دونوں گیند بازوں کے خلاف صرف دو بار آؤٹ ہوئے ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ، جو اس وقت عالمی کرکٹ کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہیں، نے اس سیزن میں بنگلورو کے لیے کمال کیا ہے۔ پانچ میچوں میں انہوں نے 11.4 کے اسٹرائیک ریٹ سے 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی باؤلنگ اوسط 13.60 لیگ میں کسی بھی گیند باز کے لیے بہترین ہے۔

گزشتہ سیزن میں بنگلورو کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے گلین میکسویل اس سیزن میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔ یہ ایک وجہ ہے کہ ان کی ٹیم مسلسل دو میچوں میں زیادہ رنز نہیں بنا پائی ہے۔ حالانکہ وہ بگ بیش لیگ میں اچھی فارم میں تھے۔ اپنی ٹیم کے لیے انہوں نے 159.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ 468 رنز بنائے تھے۔ ریدھیمان ساہا کو آئی پی ایل میں اوپننگ کرنے میں مزہ آتا ہے اور انہوں نے گزشتہ میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف 68 رنز بنا کر اس کی مثال بھی پیش کی۔ 2020 سے بطور اوپنر ساہا نے 33.91 کی اوسط سے 407 رنز بنائے ہیں۔


84اور 96 کی اننگز کے ساتھ سیزن کے شاندار آغاز کے بعد شبھمن گل کا بلہ خاموش ہے۔ ان کی طرف سے ابھی ایک بڑی اننگز آنا باقی ہے اور یہ ان کا میچ ہو سکتا ہے۔ گیل نے اس سیزن میں 183.67 کے اسٹرائیک ریٹ سے 90 رنز بنائے ہیں، وہ صرف ایک بار اسپن کے خلاف آؤٹ ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔