گمبھیر-سوریہ کی جوڑی نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، پہلے ٹی-20 مقابلے میں ہندوستان نے سری لنکا کو 43 رنوں سے ہرایا

ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 214 رنوں کا ہدف رکھا تھا، ایک وقت سری لنکا نے کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی تھی، لیکن آخر میں پوری ٹیم 19.2 اوورس میں 170 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>سوریہ کمار یادو، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

سوریہ کمار یادو، تصویر@BCCI

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نومنتخب ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور ٹی-20 کے نئے کپتان سوریہ کمار یادو نے اپنے نئے دور کا آغاز فتح کے ساتھ کیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز کے پہلے مقابلے میں ہندوستان نے سری لنکا کو 43 رنوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں کپتان سوریہ نے طوفانی نصف سنچری بنا کر ظاہر کر دیا کہ کپتان بننے کے بعد بھی وہ اپنے تیور بدلنے والے نہیں ہیں۔ 26 گیندوں پر 28 رن بنانے والے سوریہ کمار یادو کو ان کی بہترین اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

آج ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 214 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن چرتھ اسلنکا کی کپتانی والی سری لنکا نے بہترین شروعات کے باوجود آخر میں میچ پر اپنی گرفت چھوڑ دی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 19.2 اوورس میں محض 170 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم نے اس سیریز میں 0-1 کی سبقت بنا لی ہے۔


سری لنکا کے سلامی بلے بازوں کسل مینڈس اور پتھوم نشنکا نے پہلے وکٹ کے لیے 8.3 اوورس میں 84 رن جوڑ دیے تھے۔ پھر ایک وقت اسکور 14.1 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر 140 رن بھی پہنچ گیا تھا اور لگ رہا تھا کہ سری لنکا میچ جیت سکتی ہے۔ لیکن اس کے بعد جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر تھما نہیں۔ نشنکا نے 48 گیندوں پر 79 رن بنائے، جبکہ مینڈس نے 27 گیندوں پر 45 رنوں کا تعاون کیا۔ سری لنکا کی طرف سے تیسرے بہترین اسکورر کسل پریرا رہے جنھوں نے 14 گیندوں پر 20 رن بنائے۔ سری لنکا کے 7 کھلاڑی تو دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے، اور ان میں سے 4 کھلاڑی تو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں سب سے زیادہ حیران ریان پراگ نے کیا، کیونکہ انھوں نے محض 1.2 اوورس میں 5 رن دے کر سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اکشر پٹیل اور عرشدیپ سنگھ کو 2-2 وکٹ ملے، جبکہ محمد سراج اور روی بشنوئی کے حصے میں 1-1 وکٹ آئے۔


اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے شروع سے ہی طوفانی رخ اختیار کیا ہوا تھا جسے بعد کے بلے بازوں نے بھی دھیما نہیں ہونے دیا۔ درمیان کے کچھ اوورس میں رن کم ضرور بنے، لیکن پھر بھی 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 213 رن بنانے میں کامیابی مل گئی۔ سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے 21 گیندوں پر 40 رن اور شبھمن گل نے 16 گیندوں پر 34 رنوں کا تعاون کیا۔ کپتان سوریہ نے 26 گیندوں پر 58 رن اور رشبھ پنت نے 33 گیندوں پر 49 رنوں کی اننگ کھیلی۔ باقی بلے باز کچھ خاص نہیں کر سکے، لیکن اکشر پٹیل نے 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 رن ضرور بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوورس میں 40 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔