سابق ہندوستانی کرکٹر اور کوچ انشومن گائیکواڈ کا گزشتہ شب انتقال، بی سی سی آئی کا اظہار غم

راہل دراوڑ سے پہلے انشومن گائیکواڈ 'دی گریٹ وال‘ کے نام سے مشہور تھے، 1998 میں جب ہندوستان نے شارجہ ٹرافی جیتی تھی اور کمبلے نے جب ٹیسٹ کی ایک اننگ میں 10 وکٹ لیے تھے تو وہ ٹیم کے کوچ تھے۔

<div class="paragraphs"><p>انشومن گائیکواڑ / ’ایکس‘&nbsp;@CricketopiaCom</p></div>

انشومن گائیکواڑ / ’ایکس‘@CricketopiaCom

user

قومی آوازبیورو

سابق ہندوستانی کرکٹر اور ٹیم انڈیا کے سابق کوچ انشومن گائیکواڈ کا بدھ کی دیر شب انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 71 سال تھی۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے جس کا علاج وہ لندن کے کنگس کالج اسپتال میں کرانے کے بعد پچھلے مہینے ملک واپس آئے تھے۔ سابق کرکٹر و کوچ کے انتقال پر بی سی سی آئی نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں بی سی سی آئی نے کینسر کے علاج کے لیے انشومن کو ایک کروڑ روپے کی امداد دی تھی اور ساتھ ہی 1983 کے عالمی کپ فاتح ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں نے بھی ان کی مالی مدد کی تھی۔ انشومن گائیکواڈ نے 40 ٹسٹ اور 15 ونڈے میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ بعد میں انہوں نے 1998 سے 2000 تک بطور ہندوستانی کوچ خدمات انجام دیں جس کے تحت کئی ٹورنامنٹ میں ملک کو کامیابی ملی۔ ان کی ہی مدت کار میں 2000 کے آئی سی سی چمپئنس ٹرافی میں ٹیم انڈیا کو فائنل تک رسائی حاصل ہوئی تھی۔ گائیکواڈ کے بطور کوچ یادگار لمحوں میں ٹیم انڈیا کی 1998 میں شارجہ کپ میں کامیابی اور فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں انل کمبلے کا پاکستان کے خلاف ٹسٹ کی ایک پاری میں 10 وکٹ لینا شامل ہے۔


انشومن گائیکواڈ نے 1975 میں ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ جس مقابلے میں گواسکر نے 174 گیندوں میں صرف 36 رن بنائے تھے اسی مقابے میں پہلی بار کھیلتے ہوئے انشومن نے 46 گیند میں 22 رن بنائے۔ راہل دراوڑ سے پہلے 1970 کی دہائی میں انشومن گائیکواڈ بھی 'دی گریٹ وال' کے نام سے مشہور تھے کیونکہ وہ اپنی ڈیفنس تکنیک سے گیندبازوں کے حوصلے پست کر دیتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔