تیز گیندباز جھولن گوسوامی لارڈس میں کھیلیں گی آخری میچ، تاریخی وداعی کی تیاری!
39 سالہ جھولن گوسوامی کو انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، حالانکہ وہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔
ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز تیز گیندباز جھولن گوسوامی لارڈس کے تاریخی میدان میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے لیے تیار نظر آ رہی ہیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیم کے درمیان یک روزہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اسی میدان پر کھیلا جائے گا اور یہ جھولن کے کیریر کا آخری میچ بھی ہوگا۔ 24 ستمبر کو ہونے والے میچ میں جھولن کا ریٹائرمنٹ تقریباً طے ہے۔ خاتون کرکٹ میں سب سے زیادہ 352 وکٹ لینے والی گیندباز جھولن کی وداعی تاریخی ہوگی اور یہ لمحہ ان کے لیے بہت جذباتی ہوگا۔
واضح رہے کہ 39 سالہ جھولن گوسوامی کو انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ وہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔ اس سے قبل سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی جھولن ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے جھولن سے کہا ہے کہ انھیں ایسی کھلاڑیوں کی تلاش ہے جو ہر فارمیٹ میں کھیل سکیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے جھولن نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
جھولن گوسوامی نے ہندوستان کے لیے آخری میچ اسی سال مارچ میں کھیلا تھا۔ نیوزی لینڈ میں ہوئے عالمی کپ میں بی سی سی آئی جھولن کو وداعی دینا چاہتا تھا، لیکن وہ چوٹ کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف آخری گروپ میچ میں نہیں کھیل پائی تھیں۔ اس کے بعد سے ان کے وداعی میچ کا انتظار ہو رہا ہے۔ انھوں نے اپنا آخری ٹی-20 میچ 2018 میں کھیلا تھا، اور کیریر کا آخری ٹیسٹ میچ انھوں نے اکتوبر 2021 میں کھیلا تھا۔
ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ جھولن بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد آئی پی ایل کھیل سکتی ہیں۔ خاتون آئی پی ایل کا آغاز مارچ 2023 میں ہونا ہے اور پوری امید ہے کہ جھولن اس ٹورنامنٹ میں شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ وہ منٹر کے کردار کے لیے ایک مینس آئی پی ایل ٹیم کے ساتھ بھی بات کر رہی ہیں۔ وہ آئندہ سیشن میں بنگال کی ٹیم کے لیے ایک کھلاڑی اور مینٹر کی شکل میں گھریلو کرکٹ کھیل سکتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔