بارڈر-گواسکر ٹرافی: ہم دو ٹیسٹ میچوں میں جیت کے بعد لاپرواہ نہیں ہوئے، کپتان روہت شرما کا بیان
روہت نے کہا کہ جب باہر کے لوگ ہمارے بارے میں حد سے زیادہ پراعتماد ہونے کی بات کرتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ ڈریسنگ روم میں کیا ہو رہا ہے۔ ہم اپوزیشن ٹیم کو ذرا سا بھی موقع نہیں دینا چاہتے۔
احمد آباد: ہندوستانی کپتان روہت شرما نے بدھ کو کہا کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرنے کے بعد لاپرواہ نہیں ہوئی تھی اور وہ ہر میچ میں اپنا بہترین پیش کرنا چاہتے ہیں۔ روہت نے یہاں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے موقع پر کہا، "سچ کہوں تو، دو میچ جیتنے کے بعد اگر باہر بیٹھے لوگ کہتے ہیں کہ ہم لاپرواہ ہو گئے، تو یہ غلط ہے۔ آپ ہر میچ میں اپنا بہترین پیش کرنا چاہتے ہیں۔ آپ صرف دو میچ جیت کر مطمئن نہیں ہوجاتے، سیدھی سی بات ہے۔"
غور طلب ہے کہ اندور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری نے کہا کہ روہت کی ٹیم دو میچ جیتنے کے بعد حد سے زیادہ پراعتماد اور لاپرواہ ہو گئی، جس کی وجہ سے ان کی شکست ہوئی۔
روہت نے کہا، "جب بھی باہر کے لوگ ہمارے بارے میں حد سے زیادہ پراعتماد ہونے کی بات کرتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ ڈریسنگ روم میں کیا ہو رہا ہے۔ ہم سخت ہونا چاہتے ہیں، ہم اپوزیشن ٹیم کو ذرا سا بھی موقع نہیں دینا چاہتے۔ ہم بھی جب باہر دورہ کرتے ہیں تو ہمیں ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مخالف ٹیم آپ کو کبھی میچ یا سیریز میں واپس آنے کا موقع نہیں دے گی۔ ہماری بھی یہی ذہنیت ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا لگتا ہے کہ ہم حد سے زیادہ پر اعتماد ہو گئے ہیں تو اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ روی خود اس ڈریسنگ روم میں رہ چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ہم کس ذہنیت کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ ہم (ہر میچ کے بعد) سخت ہوتے ہیں، لاپرواہ نہیں۔" اندور ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستان نے پہلے سیشن میں ہی سات وکٹ گنوا دیئے تھے۔ اس کے بعد روہت کی ٹیم صرف 109 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ دوسری اننگ میں وہ صرف 163 رن بناکر آسٹریلیا کو 76 رنوں کا ہدف دیا تھا۔
شاستری نے کہا تھا، ’’اگر آپ چیزوں کو ہلکے میں لیں گے، تو تھوڑی سی لاپرواہی، تھوڑا سا زیادہ اعتماد آپ کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے۔ یہ کھیل آپ کو نیچے گرا دے گا۔ جب آپ پہلی اننگ میں کھیلے گئے کچھ شاٹس کو دیکھیں گے، تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان حالات میں حاوی ہونے کی کوشش کی گئی۔ آپ کو ایک قدم پیچھے ہٹ کر چیزوں کا اندازہ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
آسٹریلیا نے اندور کی فتح کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اگر ہندوستان ڈبلیو ٹی سی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنانا چاہتا ہے تو اسے 9 مارچ سے شروع ہونے والے احمد آباد ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔