بارڈر گواسکر ٹرافی: تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی حالت خراب، محض 82 رن پر 7 بلے باز آؤٹ
بارڈر-گاوسکر ٹرافی 2023 کے تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے محض 45 رن کے اندر ہی اپنے 5 وکٹ گنوا چکی تھی۔ لنچ تک ٹیم انڈیا 7 وکٹ کے نقصان پر محض 84 رن ہی بنا سکی
اندور: انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان اندور میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا اسپین کے جال میں پھنس گئی ہے۔ ناگپور اور دہلی کی طرح اندور میں بھی اسپن ٹریک تیار کیا گیا لیکن یہاں آسٹریلوی اسپنرز اس حد تک حاوی رہے کہ 50 رنز مکمل ہونے سے پہلے ہی ہندوستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما نے بدھ کو بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے شروعات میں گیند تیز گیند باز مچل اسٹارک اور کیمرون گرین کے حوالے کی۔ یہاں ہندوستانی بلے بازوں نے تیز گیند بازوں کے خلاف رن بنانا شروع کر دیا لیکن اس کے بعد جیسے ہی کپتان اسمتھ نے گیند اپنے اسپنرز کے حوالے کی، ہندوستانی ٹیم گھٹنوں پر آ گئی۔
بغیر کوئی وکٹ گنوائے 27 رنز بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے مزید 18 رنز کے اندر 5 وکٹیں گنوا دیں۔ یہ 5 وکٹیں آسٹریلیا کے اسپنرز نے حاصل کیں۔ میتھیو کوہنی مین اور نیتھن لیون نے 45 رنز کے مجموعی اسکور پر نصف ہندوستانی ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ ہندوستان نے لنچ تک 7 وکٹ کے نقصان پر محض 84 رن بنائے ہیں۔ اکشر پٹیل 6 جبکہ آر اشون 1 رن بنا کر نابعد ہیں۔
وراٹ کوہلی، شبھمن گل اور شریکر بھرت کے میدان پر کچھ دیر ٹھہرنے کی کوشش کی لیکن انہیں بھی زبردست گھماؤ والی اس پچ پر زیادہ دیر تک کامیابی نہیں مل سکی۔ ہندوستان کی یہاں سے کوشش ہوگی کی دوسرے سیشن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قابل احترام اسکور بنایا جا سکے۔
قبل ازیں روہت شرما نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا، "ہم پہلے بلے بازی کریں گے۔ ڈریسنگ روم میں حوصلے بہت بلند ہیں۔ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہے جو آگے بڑھنے کے لئے اچھی بات ہے۔ ہم نے (یہاں) کافی کرکٹ کھیلی ہے لیکن یہ ( پچ) کچھ مختلف ہے، پچ تھوڑی خشک لگ رہی ہے اور ہمیں اس کے مطابق ایڈجسٹ کرنا پڑے گا، ہم نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ کے ایل راہل کی جگہ شبھمن گل آئے ہیں۔ ہم نے محمد شامی کو آرام دیا ہے اور امیش یادو کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔"
آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا، "پچ بہت خشک لگ رہی ہے اور اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں کہ روہت نے پہلے بلے بازی کا انتخاب کیا۔ امید ہے کہ ہم جلد ہی اپنی صلاحیتیں دکھائیں گے اور ہندوستانی بلے بازوں کو دباؤ میں آوٹ کریں گے۔" یہ (بریک) ہمارے لیے اچھے وقت پر آیا، ظاہر ہے کہ گزشتہ میچ کی ہار مایوس کن تھی۔ کھلاڑیوں کے پاس تیاری کرنے اور واپس آنے کا وقت تھا۔ ہم پیٹی (پیٹ کمنز) کی والدہ کے بارے میں سوچ رہے ہیں، ان کی طبیعت خراب ہے اور انہیں گھر جانا پڑا۔ ہم نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا الیون: عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ (کپتان)، پیٹر ہینڈزکومب، کیمرون گرین، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، ٹوڈ مرفی، میتھیو کوہنیمن۔
انڈین الیون: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، چیتشور پجارا، وراٹ کوہلی، شریاس ائیر، رویندر جڈیجہ، شریکر بھرت (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، روی چندرن اشون، امیش یادیو، محمد سراج۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔