بنگال ٹی-20: آل راؤنڈر شہباز احمد نے تن تنہا ’تپن میموریل کلب‘ کو بنایا چمپئن

شہباز احمد کی کارکردگی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف 41 گیندوں پر تیز طرار 54 رن بنائے، بلکہ 4 اوور میں محض 10 رن دے کر 5 وکٹ جھٹک لیے۔

شہباز احم، تصویر @CabCricket
شہباز احم، تصویر @CabCricket
user

تنویر

آئی پی ایل ٹی-20 میں رائل چیلنجرس بنگلور نے آل راؤنڈر شہباز احمد کو صرف دو میچ کھیلنے کا موقع دیا تھا، اور وہ بھی آخر میں، جس کی وجہ سے انھیں کم ہی لوگ جانتے ہوں گے، لیکن اس آل راؤنڈر کھلاڑی نے بنگال ٹی-20 چیلنج میں زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم ’تپن میموریل کلب‘ کو چمپئن بنا دیا۔ فائنل میچ میں موہن بگان کو تپن میموریل کلب نے 33 رنوں سے شکست فاش دی، اور اس میں شہباز احمد کی کارکردگی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف 41 گیندوں پر تیز طرار 54 رن بنائے، بلکہ 4 اوور میں محض 10 رن دے کر 5 وکٹ جھٹک لیے۔ گویا کہ شہباز احمد نے فائنل میں تن تنہا اپنی ٹیم کو چمپئن بنا دیا۔

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے تپن میموریل کلب نے 6 وکٹ کے نقصان پر 145 رن بنائے تھے، اور اس کے جواب میں موہن بگان کی پوری ٹیم 18 اوور میں محض 112 رن بنا کر سمٹ گئی۔ آل راؤنڈر کی کارکردگی پیش کرنے والے شہباز احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویسے شہباز احمد نے اس ٹورنامنٹ میں 9 میچوں میں اپنی ٹیم کے لیے 2 نصف سنچری کی مدد سے 283 رن بنائے اور ایک بار وہ 49 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں انھوں نے 11 وکٹ بھی لیے۔


جہاں تک شہباز احمد کی آئی پی ایل ٹی-20 میں رائل چیلنجرس بنگلور کے لیے کارکردگی کا سوال ہے، انھیں صرف دو میچوں میں کھیلنے کا موقع ملا تھا اور اس میں بھی انھیں صرف ایک میچ میں بلے بازی ملی۔ اس میچ میں وہ 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ جہاں تک گیندبازی کی بات ہے، انھیں 6 اوور کرنے کا موقع ملا جس میں انھوں نے 44 رن دے کر 2 وکٹ لیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔