عالمی کپ سے پہلے ہندوستانی بلے بازوں کے فارم نے بڑھائی فکر!
ایشیا کپ کے علاوہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی-20 سیریز اور پھر عالمی کپ کے پیش نظر ہندوستانی سلیکٹرس کو یہ دیکھنے کا موقع ملے گا کہ کھلاڑی آئی پی ایل 2022 میں کیسا مظاہرہ کرتے ہیں۔
آئی پی ایل کے ختم ہونے میں اب کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں، اس کے بعد ہندوستان ٹی-20 عالمی کپ میں کھیلنے کے لیے تیار ہے جس کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سب کی نظر ہے۔ ایشیا کپ کے علاوہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی-20 سیریز اور پھر آسٹریلیا میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے ہندوستانی سلیکٹرس کو یہ دیکھنے کا موقع ملے گا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی آئی پی ایل 2022 میں کیسی کارکردگی کرتے ہیں۔
سیزن 2021 ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کی سلامی جوڑی روہت شرما اور کے ایل راہل کی تھی۔ لیکن آئی پی 2022 میں راہل تو بہترین کارکردگی نبھا رہے ہیں، روہت شرما کا فارم پریشان کرنے والا ہے۔ راہل اس ٹورنامنٹ میں بہترین ہندوستانی بلے باز رہے ہیں۔ انھوں نے 10 میچوں میں 56.38 کی اوسط اور 145.01 کے اسٹرائیک ریٹ سے 451 رن بنائے، جس میں ممبئی انڈینز کے خلاف دو سنچری بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف روہت شرما نے 9 اننگز میں 17.22 کی اوسط اور 123.01 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 155 رن بنائے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم میں ان کے یک روزہ سلامی بلے باز شکھر دھون پنجاب کنگز میں شاندار کارکردگی انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے 10 میچوں میں 46.13 کی اوسط اور 124.66 کی اسٹرائیک ریٹ سے 369 رن بنائے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ کرنے والے تیز طرار وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن نے آئی پی ایل 2022 سیزن میں دو نصف سنچریز کے ساتھ شروعات کی، لیکن وہ آگے کے میچز میں اپنی کارکردگی نہیں دکھا پائے۔ 9 میچز میں کشن نے 28.13 کی اوسط اور 111.38 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 225 رن بنائے ہیں۔
وراٹ کوہلی گزشتہ دو سال سے فارم سے باہر چل رہے ہیں۔ رائل چیلنجز بنگلور کی کپتانی چھوڑنے کے باوجود کوہلی خراب فارم سے گزر رہے ہیں۔ انھوں نے 11 میچوں میں 21.60 کی اوسط سے 216 رن بنائے۔ انھوں نے سیزن کی پہلی نصف سنچری گجرات ٹائٹنس کے خلاف بنائی، لیکن اس اننگ سے یہ اشارہ نہیں ملا کہ کوہلی اپنے فارم میں واپس آ گئے ہیں۔
وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے دہلی کیپٹلز کی کپتانی کرتے ہوئے 149.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 234 رن بنائے ہیں۔ لیکن راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن نے 10 میچوں میں 153.6 کے اسڑائیک ریٹ سے 298 رن بنا کر پنت سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں۔
آئی پی ایل 2022 کے ختم ہونے اور ہندوستان کے عالمی کپ کی تیاری شروع ہونے تک کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں کافی وقت بچا ہے۔ لیکن اگر اعداد و شمار کی بات کریں تو موجودہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے بلے باز ابھی تک اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔