شاہین باغ پہنچ گیا تھا بلڈوزر، افسران بھی موجود تھے، پھر بھی نہیں ہو سکی کارروائی!
سنٹرل زون ایس ڈی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین راجپال نے کہا کہ ’’بلڈوزر (شاہین باغ علاقہ) پہنچ گیا تھا، لیکن مناسب پولیس فورس کی عدم موجودگی کے سبب ہم نے آج کا پروگرام ملتوی کر دیا۔‘‘
دہلی کے شاہین باغ میں آج اس وقت ہلچل دیکھنے کو ملی جب تجاوزات ہٹاؤ مہم کی کارروائی شروع کرنے کے لیے بلڈوزر پہنچے۔ بلڈوزر کے ساتھ ساتھ ایس ڈی ایم سی افسران بھی علاقے میں موجود تھے، لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔ وجہ تھی پولیس کی غیر موجودگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کالندی کنج اور شاہین باغ کے کچھ علاقے میں ناجائز قبضہ ہٹانے کے لیے بلڈوزر کارروائی ہونی تھی لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اسے ملتوی کر دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی ایک خبر کے مطابق تجاوزات ہٹاؤ مہم کو لے کر سنٹرل زون ایس ڈی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین راجپال نے کہا کہ ’’ہم نے اپنے پروگرام اور ہمارے افسران کے بارے میں پولیس کو پہلے ہی مطلع کر دیا تھا، بلڈوزر بھی وہاں (شاہین باغ علاقہ) پہنچ گیا تھا، لیکن مناسب پولیس فورس کی عدم موجودگی کے سبب ہم نے آج کا پروگرام ملتوی کر دیا۔‘‘ حالانکہ اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ آئندہ اس علاقے میں بلڈوزر کارروائی کب ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ 5 اور 9 مئی کو شاہین باغ اور اس کے آس پاس والے علاقے میں ناجائز قبضوں کو ہٹانے کے لیے بلڈوزر کی کارروائی ہونی ہے۔ لیکن ذرائع نے بتایا کہ آج دہلی پولیس کے ذریعہ ضروری فورس دستیاب کرانے میں نااہلی ظاہر کیے جانے کے بعد پروگرام ملتوی کرنا پڑا۔ ایس ڈی ایم سی نے بدھ کو شاہین باغ سمیت اپنے حلقہ اختیار کے اندر الگ الگ علاقوں سے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کو ہٹانے کے لیے 10 روزہ کارروائی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کے تحت کالندی کنج، جسولہ، شاہین باغ اور این ایف سی جیسے علاقوں میں بلڈوزر چلایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔