بی سی سی آئی نے چیتن شرما کو پھر بنایا سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین، کمیٹی کے دیگر ناموں کا بھی اعلان

چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کو ٹی-20 عالمی کپ کے بعد برخواست کر دیا گیا تھا، بعد ازاں یکم جنوری کو بی سی سی آئی نے میٹنگ کی تھی جس میں چیتن شرما، روہت شرما اور راہل دراوڑ بھی موجود تھے۔

چیتن شرما، تصویر آئی اے این ایس
چیتن شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنے کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی کا آج اعلان کر دیا۔ مردوں کے لیے منتخب سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین ایک بار پھر چیتن شرما کو بنایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ شیو سندر داس، سبرتو بنرجی، سلل انکولا اور شری دھرن شرت کے نام پر مہر لگائی گئی ہے۔ بی سی سی آئی کو سلیکشن کمیٹی کے لیے 600 سے زیادہ لوگوں کی درخواستیں ملی تھیں۔ سلیکشن کمیٹی کا انتخاب کرکٹ مشاورتی کمیٹی نے کیا ہے۔

بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’سلکشنا نائک، اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے کی کرکٹ مشاورتی کمیٹی (سی اے سی) نے آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کے لیے ایک وسیع عمل اختیار کیا۔ 18 نومبر 2022 کو اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر جاری کیے گئے پانچ عہدوں کے اشتہار کے بعد بورڈ کو تقریباً 600 درخواستیں حاصل ہوئیں۔‘‘ بورڈ نے مزید بتایا کہ ’’مناسب صلاح و مشورہ اور غور و خوض کرنے پر سی اے سی نے نجی انٹرویو کے لیے 11 اشخاص کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ انٹرویو کی بنیاد پر کمیٹی نے سینئر مردوں کی نیشنل سلیکشن کمیٹی کے لیے درج ذیل امیدواروں کی سفارش کی ہے: چیتن شرما، شیو سندر داس، سبرتو بنرجی، سلل انکولا، شری دھرن شرت۔‘‘


ہندوستان کے سابق سلامی بلے باز شیوسندر داس مشرقی زون سے تعلق رکھتی ہیں، جبکہ تمل ناڈو کے سابق بلے باز شرت جنوبی زون سے سنیل جوشی کی جگہ لیں گے۔ شرت کو پروموٹ کیا گیا ہے کیونکہ وہ جونیئر مرد ٹیم پینل کے چیئرمین تھے۔ یہ شرت کی کمیٹی تھی جس نے گزشتہ سال ہندوستان کے انڈر-19 عالمی کپ فاتح ٹیم کو منتخب کیا تھا۔

شیو سندر داس مشرقی زون سے اپنے سابق ساتھی دیباشیش موہنتی کی جگہ لیں گے۔ دیباشیش اور شیوسندر داس ساتھ میں ہندوستان اور اڈیشہ کے لیے کھیلے تھے۔ شیوسندر داس نے 2000 اور 2002 کے درمیان 23 ٹیسٹ اور چار یک روزہ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور 180 فرسٹ کلاس کرکٹ میچوں میں بھی کھیلے۔ موہنتی نے سلیکٹر کے طور پر پانچ سال کی اپنی مدت کار کو پورا کر لیا تھا۔ وہ جونیئر اور سینئر دونوں پینل کا حصہ تھے۔


واضح رہے کہ چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کو ٹی-20 عالمی کپ کے بعد برخواست کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد یکم جنوری کو ٹی-20 عالمی کپ میں ٹیم کی کارکردگی کو لے کر بی سی سی آئی نے میٹنگ کی تھی۔ اس دوران چیتن شرما کے ساتھ ساتھ کپتان روہت شرما اور کوچ راہل دراوڑ بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں اس سال کے آخر میں آنے والے 50 اوور کے عالمی کپ کے روڈ میپ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔