دھونی کے بعد پی ایم مودی نے سریش رینا کو بھی لکھا خط، کہا 'ریٹائر کہنا مشکل'
وزیر اعظم نریندر مودی نے سریش رینا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "میں ریٹائر کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ آپ ریٹائر ہونے کے لئے بہت کم عمر اور بھرپور توانائی والے کھلاڑی تھے۔"
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے ہندوستانی آل راؤنڈر سریش رینا کی شراکت کی تعریف کرتے ہوئے اپنے ستائشی مکتوب میں کہا کہ وہ رینا کے لئے 'سنیاس' (ریٹائر) کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ ریٹائر ہو نے کے وقت کم عمر توانائی سے بھرپور کھلاڑی ہیں ۔ رینا نے پی ایم مودی کا اس کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔
سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے 15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فورا بعد ہی 33 سالہ رینا نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد پی ایم مودی نے رینا کو بھی دو صفحوں کا خط بھیجا جس میں ہندوستانی کرکٹ میں ان کی شراکت کی تعریف کی گئی اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے بدھ کے روز دھونی کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے ہندوستانی کرکٹ میں ان کی شراکت کی تعریف کی تھی۔
وزیر اعظم نے رینا کی شراکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں سنیاس کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ آپ ریٹائر ہونے کے لئے بہت کم عمر اور بھرپور توانائی والے کھلاڑی تھے۔ اپنے کرکٹ کیریئر میں کئی بار آپ کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جیسے چوٹ لگی ہو لیکن ہر بار آپ نے ان چیلنجوں کا سامنا کیا اور واپس آئے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ نسلیں نہ صرف ایک اچھے بلے باز کے طور پر آپ کو یاد رکھیں گی بلکہ ایک مفید بولر کی حیثیت سے آپ کے کردار کو بھی فراموش نہیں کریں گی۔ آپ ایک ایسے بالر تھے جس پر مشکل وقت میں کپتان اعتماد کرسکتے تھے۔ آپ کی فیلڈنگ بھی عمدہ تھی۔ آپ کا نام اس دور کے سب سے بہترین بین الاقوامی کیچ لینے والے کھلاڑیوں میں آتا ہے۔ آپ نے اپنی فیلڈنگ سے جو رنز بچائے ہیں اس کا حساب لگانے میں بہت دن لگیں گے۔
وزیر اعظم نے 2011 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں احمد آباد میں آسٹریلیا کے خلاف رینا کے ہاتھوں 34 رنز کی ناقابل شکست کھیلی گئی اننگز کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 2011 کے ورلڈ کپ خاص طور پر بعد کے میچوں میں آپ کی شراکت کو فراموش نہیں کرسکتا۔ میں نے آپ کو کوارٹر فائنل میں احمد آباد میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ آپ کی اننگز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پی ایم مودی اس وقت گجرات کے وزیر اعلی تھے۔
نریندر مودی نے کہا کہ میں اعتماد کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ آپ کے پرستار آپ کے کور ڈرائیو سے محروم ہوجائیں گے جو میں نے خوش قسمتی سے اس دن احمد آباد میچ میں دیکھے تھے۔ رینا آپ ہمیشہ ٹیم روح کے مترادف ہوں گے۔ آپ نے ذاتی امتیاز کے لئے نہیں بلکہ اپنی ٹیم کے فخر اور ہندوستان کے وقار کے لئے کھیلا ہے۔ وزیر اعظم نے سوچھ بھارت مہم اور خواتین کو بااختیار بنانے میں رینا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔
رینا نے جمعہ کے روز وزیر اعظم کے خط کو ٹویٹ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ جب ہم ملک کے لئے کھیلتے ہیں تو ہم اپنا خون پسینہ دیتے ہیں۔ اس کے بجائے ملک کے عوام اور یہاں تک کہ اس ملک کے وزیر اعظم سے بھی پیار کرنے سے بہتر تعریف کوئی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ، تعریفی الفاظ اور نیک خواہشات کے لئے آپ کا شکریہ۔ میں اسے شکریہ کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ جئے ہند۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Aug 2020, 9:30 PM