سری لنکا کے خلاف ٹی-20 سیریز پر قبضہ کے بعد ہندوستانی ٹیم کی نظر یک روزہ سیریز پر، ابھشیک نایر پہنچے کولمبو
یک روزہ سیریز کے لیے کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی کے علاوہ شریئس ایر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا اور کے ایل راہل بھی سری لنکا پہنچ گئے ہیں، کولمبو میں ان کھلاڑیوں نے ٹریننگ شروع بھی کر دیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف جاری ٹی-20 سیریز میں ہندوستان نے 0-2 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔ یعنی 3 ٹی-20 میچوں کی سیریز میں شروعاتی دو مقابلے جیت کر ہندوستان نے سیریز پر قبضہ کر لیا ہے، اور اب تیسرے ٹی-20 میچ سے قبل ہی یک روزہ سیریز کو لے کر ہندوستانی ٹیم کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ آخری ٹی-20 مقابلہ 30 جولائی کو کھیلا جائے گا، اور اس سے ٹھیک پہلے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے اسسٹنٹ کوچز میں سے ایک ابھشیک نایر ٹی-20 ٹیم کو چھوڑ کر کولمبو روانہ ہو گئے ہیں تاکہ وَنڈے ٹیم کی تیاریوں پر نظر رکھ سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ونڈے سیریز کے لیے کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی جیسے بڑے اسٹار کھلاڑی کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ شریئس ایر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا اور کے ایل راہل نے بھی کولمبو پہنچ کر ٹریننگ سیشن میں شرکت کی ہے۔ اس سیریز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ نے کولمبو میں سیشن کی دیکھ ریکھ کے لیے ابھشیک نایر کو مقرر کیا ہے۔ وہ کولمبو پہنچ بھی گئے ہیں اور وَنڈے ٹیم کے ساتھ جڑ گئے ہیں۔
ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے ایسے کھلاڑی جو ہندوستان کے وَنڈے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں، وہ 30 جولائی کو پلیکیلے میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی-20 مقابلے کے بعد روہت اینڈ کمپنی سے جڑیں گے۔ سات سال بعد یہ موقع آیا ہے جب روہت شرما اور وراٹ کوہلی سری لنکا میں کوئی بڑا سیریز کھیلیں گے۔ اپنے گزشتہ دورے میں ان دونوں ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی لاجواب رہی تھی۔ اتنا ہی نہیں، 2024 ٹی-20 عالمی کپ کے بعد یہ دونوں اسٹار کھلاڑی پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیریز کا پہلا میچ 2 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد اگلے دو میچ 4 اور 7 اگست کو کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔