تیسرا ٹی-20: نیوزی لینڈ سراج، ارشدیپ کے سامنے ڈھیر، 160 رن پر آل آؤٹ، بارش سے میچ میں خلل

سراج نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر فلپس سمیت چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ارشدیپ نے بھی چار اوور میں 37 رن دے کر چار وکٹ لئے جس میں کانوے کا قیمتی وکٹ بھی شامل تھا۔

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آواز بیورو

نیپئر: محمد سراج (17/4) اور ارشدیپ سنگھ (37/4) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے منگل کو تیسرے ٹی۔20 میں نیوزی لینڈ کو 160 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کونوے (59) اور گلین فلپس (54) نے نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم دیگر بلے بازوں کے نہ چلنے کی وجہ سے کیویز ٹیم ہندوستان کو 161 رنز کا ہی ہدف دے سکی۔

دریں اثنا، ہدف کا تعاقب کرنے اتری ٹیم انڈیا کی شروعات قدر بہتر نہیں رہی اور اس نے 21 رن کے اسکور پر ہی تین وکٹ کھو دیئے۔ سلامی بلے بازوں ایشان کشن اور رشبھ پنت نے بالترتیب 10 اور 11 رنوں کا تعاون کیا، جبکہ شریس ایئر کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ اس کے بعد کپتان ہارک پانڈیا اور سوریہ کمار یادو نے اننگ کو آگے بڑھایا لیکن ان دنوں شاندار کرکردگی کا مظاہرہ کر رہے سوریہ کمار یادو 7 ویں اوور میں 13 رن کے نجی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔


آخری اطلاع موصول ہونے تک میدان میں بارش ہو رہی تھی اور 9 اوور مکمل ہو چکے تھے۔ ہندوستان نے 9 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 75 رن بنا لئے ہیں۔ کپتان ہارک پانڈیا 18 گیندوں میں 30 رن بنا کر جبکہ دیپک ہڈا 9 گیندوں میں 9 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ ڈکورتھ لوئس میتھڈ کے مطابق ہندوستان کو 9 اوور میں جیت کے لئے 76 رن بنانے تھے یعنی فی الحال میچ کا اسکور برابر ہے اور اگر اس کے بعد ایک بھی گیند نہیں پھینکی جا سکی تو میچ ٹائی ہو جائے گا۔

قبل ازیں، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے تین رنز پر فن ایلن کی وکٹ گنوا دی۔ کین ولیمسن کی جگہ آنے والے مارک چیپ مین صرف 12 رنز ہی بنا سکے جس کے بعد کونوے اور فلپس کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا۔ آہستہ شروع کرنے والے کونوے نے 11 گیندوں میں صرف دو رنز بنائے لیکن چوتھے اوور میں انہوں نے ارشدیپ سنگھ کی گیندوں پر ایک چھکا اور دو چوکے لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ فلپس نے بھی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کونوے نے 49 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جبکہ فلپس نے 33 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔


یہ جوڑی نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور تک لے جا رہی تھی لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے آخری اوور میں وکٹیں لے کر میچ پر قبضہ جما لیا۔ نیوزی لینڈ نے 15 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنانے کے بعد صرف 31 رنز پر اگلی آٹھ وکٹیں گنوا دیں۔

سراج نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر فلپس سمیت چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ارشدیپ نے بھی چار اوور میں 37 رن دے کر چار وکٹ لئے جس میں کانوے کا قیمتی وکٹ بھی شامل تھا۔ ہرشل پٹیل نے آخری اوور میں ٹم ساؤتھی کو بولڈ کیا اور پوری کیوی ٹیم 19.4 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔