آسام-میگھالیہ سرحد تنازعہ: ویسٹ جینتیا ہلس پر فائرنگ میں 4 افراد کی موت، کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر

آسام اور میگھالیہ کے درمیان سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کے لیے چل رہی بات چیت کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، اس فائرنگ میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

میگھالیہ سرحد کے پاس آسام کے مغربی کاربی آنگلونگ ضلع میں ویسٹ جینتیا ہلز کے مکرو گاؤں میں تصادم کے بعد منگل کو پولیس کی گولی باری میں ایک فوریسٹ گارڈ سمیت کم از کم چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس فائرنگ واقعہ میں کئی دیہی عوام کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی موصول ہو رہی ہے۔

مغربی کاربی آنگلونگ پولیس انسپکٹر امداد علی نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران نے ضلع کے ایکانت مکرو گاؤں سے غیر قانونی لکڑی لے جا رہے ایک ٹرک کو علی الصبح تقریباً 3 بجے روکا۔ جب فوریسٹ گارڈ غیر قانونی کھیپ کو ضبط کرنے کے لیے ٹرک کے پاس پہنچے تو انھوں نے بھاگنے کی کوشش کی۔ گارڈ نے فائرنگ کر دی اور گاڑی کے ٹائر میں پنکچر کر دیا۔ گاڑی کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ سمیت تین لوگوں کو پکڑ لیا گیا، لیکن دیگر لوگ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔


اس کے بعد محکمہ جنگلات کے افسران نے نزدیکی پولیس اسٹیشن جریکینڈنگ کو مطلع کیا اور اضافی فورس کے لیے گزارش کی۔ پولیس کے مطابق جب ایک ٹیم وہاں پہنچی تو کثیر تعداد میں میگھالیہ کے لوگوں نے دھاردار اسلحوں سے ان کا ’گھیراؤ‘ کر دیا۔

افسر نے کہا کہ ’’ناراض بھیڑ نے گرفتار کیے گئے لوگوں کی رِہائی کا مطالبہ کیا۔ پرتشدد بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس ٹیم کو گولی چلانی پڑی۔ ایک فوریسٹ ہوم گارڈ اور خاسی طبقہ کے تین لوگ گولی باری میں مارے گئے۔‘‘ اس درمیان پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ گاؤں ضلع ہیڈکوارٹر سے 6 گھنٹے کی ڈرائیو کی دوری پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔