ہیپاٹائٹس کے انفیکشن کے تعلق سے عالمی ادارہ صحت کا الرٹ، دنیا بھر میں روزانہ 3500 اموات
ورلڈ ہیپاٹائٹس سمٹ میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ہیپاٹائٹس بی اور سی کے انفیکشن کی وجہ سے دنیا بھر میں روزانہ 3500 افراد ہلاک ہو رہے ہیں‘‘
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منگل کے روز کہا کہ وائرل ہیپاٹائٹس کی وجہ سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ متعدی بیماری دنیا بھر میں ہر روز 3500 اور ہر سال 13 لاکھ افراد کی جان لے رہی ہے۔
'ڈبلیو ایچ او 2024 گلوبل ہیپاٹائٹس رپورٹ' میں کہا گیا ہے کہ 187 ممالک کے نئے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ وائرل ہیپاٹائٹس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2019 میں 11 لاکھ سے بڑھ کر 2022 میں 13 لاکھ ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 83 فیصد اموات ہیپاٹائٹس بی اور 17 فیصد ہیپاٹائٹس سی کی وجہ سے ہوئیں۔
ورلڈ ہیپاٹائٹس سمٹ میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ہیپاٹائٹس بی اور سی کے انفیکشن کی وجہ سے دنیا بھر میں روزانہ 3500 افراد ہلاک ہو رہے ہیں‘‘ تقریباً دو تہائی ہیپاٹائٹس بی اور سی انفیکشن کیسز کا تعلق بنگلہ دیش، چین، ایتھوپیا، انڈیا، انڈونیشیا، نائیجیریا، پاکستان، فلپائن، روس اور ویتنام سے ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2025 تک ان 10 ممالک میں انفیکشن کی روک تھام، تشخیص اور علاج تک عالمی رسائی کو یقینی بنانا اور افریقی خطے میں اس سمت میں کوششیں تیز کرنا پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے عالمی ردعمل کو ٹریک پر واپس لانے کے لیے ضروری ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈونام گیبریئس نے بھی ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا اور اس سے نمٹنے کے لیے ممالک کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔