اڈانی-ہنڈن برگ معاملہ پر جمعہ کو سماعت کرے گا سپریم کورٹ
ہنڈن برگ رپورٹ کے سلسلے میں ایڈوکیٹ وشال تیواری اور ایم ایل شرما کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی عرضیاں پہلے ہی زیر غور ہیں۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ہنڈن برگ رپورٹ کے پیش نظر اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی انڈین نیشنل کانگریس کی عرضی پر جمعہ 17 فروری 2023 کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ عدالت عظمیٰ ایل آئی سی (لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا) اور ایس بی آئی کی جانب سے عوامی اداروں کے ایف پی او میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کے کردار پر تحقیقات کے مطالبہ پر بھی سماعت کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔
کانگریس لیڈر جیا ٹھاکر کی نمائندگی کرنے والے ایک وکیل نے ہندوستان کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی سربراہی والی بنچ کے سامنے عرضی داخل کر کے فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ بنچ نے کہا کہ وہ 24 فروری کو سماعت کرے گی لیکن وکیل نے کہا کہ متعلقہ معاملہ میں دیگر دو عرضیاں 17 فروری کے لئے فہرست بند ہیں۔ بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کے لئے 17 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔
ٹھاکر کی طرف سے ایڈوکیٹ وریندر کمار شرما کے ذریعے دائر کی گئی عرضی میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم سنائے۔ عدالت عظمیٰ کے حاضر ڈیوٹی جج کی سرپرستی اور نگرانی میں مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں یعنی سی بی آئی، ای ڈی، ڈی آر آئی، سی بی ڈی ٹی، ای آئی بی، این سی بی، سیبی، آر بی آئی، ایس ایف آئی او کے ذریعہ عوام اور سرکاری خزانے کی کروڑوں کی دھوکہ دہی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ہنڈن برگ رپورٹ کے سلسلے میں ایڈوکیٹ وشال تیواری اور ایم ایل شرما کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی عرضیاں پہلے ہی زیر غور ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔