عام بجٹ 2022: کسانوں کے لئے کیا کیا اعلانات کئے گئے؟

وزیر خزانہ نے کسانوں تک تکنیک پہنچانے کی سمت میں بھی کام کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی ماڈل کے تحت اسکیم لائی جائے گی، جس سے کسانوں تک ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک تکنیک پہنچائی جا سکے۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج عام بجٹ 2022 پیش کر دیا۔ اس دوران انہوں نے متعدد اعلانات کئے اور اس بجٹ کو آئندہ 25 برسوں کے لئے بنیاد قرار دیا۔ آئیے جانتے ہیں کہ بجٹ کے دوران ملک کے کسانوں کے لئے کیا کیا اعلانات کئے گئے۔

نرملا سیتارمن نے کہا کہ کسانوں کے کھاتوں میں 2.37 لاکھ کروڑ روپے کی ایم ایس پی کی رقم براہ راست بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کسانوں نے زرعی قوانین واپسی کے بعد تحریک تو واپس لے لی ہے، لیکن وہ اب بھی ایم ایس پی قانون کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت نے کسانوں کے اسی مطالبہ کے تحت انہیں خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔


اس کے علاوہ بجٹ کے دوران آنے والے دنوں میں کیمیکل سے پاک قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے تحت دریائے گنگا کے ساحل پر 5 کلومیٹر کے گلیارے کو پہلے مرحلہ کے تحت منتخب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تلہن کے بیج کی درآمد کو کم کرنے کی سمت میں کام کرتے ہوئے گھریلو طور پر پیداوار کو بڑھایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کسانوں تک تکنیک پہنچانے کی سمت میں بھی کام کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی ماڈل کے تحت اسکیم لائی جائے گی، جس سے کسانوں تک ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک تکنیک پہنچائی جا سکے۔ یہاں تک کہ کسانوں کی کھیتی کا جائزہ لینے کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی جائے گی۔ نیز ڈرون کے ذریعے کھاد اور جرثیم کش دواؤں کے چھکڑکاؤ کو بھی فروغ دیا جائے گا۔


نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ریاستوں کو زرعی یونیورسٹی کو بحال کرنے کی جانب بھی راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نابارڈ کے ذریعے زراعت سے وابستہ اسٹارٹ اپ اور ان رورل اینٹر پرائیزز کو فنڈ مہیا کرایا جائے گا، جو کھیتی سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ کسانوں کو پھل اور سبزیوں کی صحیح قسم استعمال کرنے کے لئے حکومت جامع پیکیج فراہم کرے گی، جس میں ریاستوں کی بھی شراکت داری ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔