مدھیہ پردیش میں شوٹنگ سے قبل فلم کی اسکرپٹ دکھانا لازمی! کل ’آشرم-3‘ کے سیٹ پر بجرنگ دل نے کی تھی توڑ پھوڑ

فلمساز و ہدایت کار پرکاش جھا کی ویب سیریز ’آشرم-3‘ کی شوٹنگ کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے کہا کہ آشرم-3 کی شوٹنگ کے تنازعہ کے بعد ہم ایک مستقل گائیڈ لائن جاری کرنے والے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں چل رہی ویب سیریز ’آشرم-3‘ کی شوٹنگ کی اسکرپٹ کو لے کر ہوئی ہنگامہ آرائی کے بعد حکومت حرکت میں آ گئی ہے۔ حکومت شوٹنگ کو لے کر نئی گائیڈلائن جاری کرے گی اور فلم کی شوٹنگ سے قبل ضلع انتظامیہ کو اسکرپٹ دکھانی ہوگی۔ فلمساز و ہدایت کار پرکاش جھا کی ویب سیریز آشرم-3 کی شوٹنگ کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آشرم-3 کی شوٹنگ کے تنازعہ کے بعد ہم ایک مستقل گائیڈ لائن جاری کرنے والے ہیں۔ اگر قابل اعتراض کوئی سین ہے، کسی مذہب کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے مناظر ہیں، تو وہ اسٹوری پہلے ایڈمنسٹریشن کو دیں۔

نروتم مشرا کا کہنا ہے کہ اب شوٹنگ سے پہلے ضلع انتظامیہ کو اسکرپٹ دکھانی ہوگی اور اس پر اجازت ملنے کے بعد ہی شوٹنگ کی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے میڈیا سیل کے ریاستی انچارج لوکیندر پراشر نے ٹوئٹ کر فلم کی اسکرپٹ اور نام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ خاتون کے استحصال کی جگہ کا نام ’آشرم‘ ہی کیوں؟ افغانستان کیوں نہیں؟


قابل ذکر ہے کہ ’آشرم‘ ویب سیریز کو لے کر بی جے پی کے کئی لیڈروں نے تلخ رد عمل پہلے بھی ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی رامیشور شرما نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ آشرم پر ویب سیریز بنانے والے کیا کبھی مدارس پر ویب سیریز بنانے کی اوقات رکھتے ہیں؟

واضح رہے کہ ویب سیریز آشرم-3 کی اسکرپٹ اور کچھ مناظر کو لے کر اتوار کے روز بھوپال میں خوب ہنگامہ ہوا۔ بجرنگ دل کارکنان نے پرانی جیل میں چل رہی شوٹنگ کی نہ صرف مخالفت کی تھی، بلکہ توڑ پھوڑ اور پتھر بازی بھی کی تھی۔ اس کے بعد سے ویب سیریز کو لے کر تنازعہ گہراتا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔